آر می چیف نے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت امریکہ کے حوالے کر دیئے ہیں ،سیکرٹری دفاع،امریکہ نے ملا فضل اللہ کی گرفتاری یا مارنے کی یقین دہانی کرائی ہے،دفاع کمیٹی کو بریفنگ، خطے میں امن کے حوالے سے پاکستان کا کردار ختم نہیں ہوا ، امریکہ افغانستان میں استعمال شدہ دفاعی سامان پاکستان کو دے گا،مشاہد حسین

منگل 27 جنوری 2015 08:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء)سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)عالم خٹک نے کہا ہے کہ آر می چیف نے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت امریکہ کے حوالے کر دیئے ہیں ،امریکہ نے ملا فضل اللہ کی گرفتاری یا مارنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔وہ پیر کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بریفنگ دے رہے تھے۔ اجلاس سینیٹر مشاہد حسین کی زیر صدارت ہوا ۔

اجلاس میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک نے پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے بریفنگ دی اور آرمی چیف کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی عدم حاضری پر کمیٹی ارکان نے برہمی کا اظہار کیا ۔سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک نے اجلاس کو بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے بھارت کے خلاف ثبوت امریکہ کے حوالے کر دیئے ہیں اور امریکہ کو بتایا کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے ۔ امریکہ نے اتحادی سپورٹ فنڈ کی مدت 2015 تک بڑھا دی ہے اور امریکہ اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں ایک ارب ڈالر دیگا ۔امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اتحادی فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ امریکہ نے مولانا فضل اللہ کو مارنے یا گرفتاری کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملا فضل اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔امریکہ نے ملافضل اللہ کے ٹھکانوں پر ڈرون حملہ کیا لیکن وہ وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر تک امریکہ افغانستان میں موجود رہے گا ۔ افغانستان خصوصاً خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے پاکستان کا کردار ختم نہیں ہوا ۔ امریکہ افغانستان میں استعمال شدہ دفاعی سامان پاکستان کو دے گا ۔