وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کیخلاف سیٹھی خاندان کی کسی اپیل پر فی الحال کوئی فیصلہ نہیں دیا گیا،ایوان صدر کی وضاحت

اتوار 25 جنوری 2015 04:31

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جنوری۔2015ء ) ایوان صدر نے واضح کیا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کیخلاف سیٹھی خاندان کی کسی اپیل پر فی الحال کوئی فیصلہ نہیں دیا گیا ۔ ذرائع ابلاغ کے بعض حصوں میں آنے والی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ قانون کی رو سے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کیخلاف کوئی بھی متاثرہ فریق صدر مملکت سے اپیل کرسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بعض خبروں اور بیانات سے پیدا ہونے والے اس تاثر کو بے بنیاد قرار دیا کہ سیٹھی خاندان کی یہ اپیلیں وقت گزرنے کے بعد ایوان صدر میں موصول ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بیان یا خبر حقائق کی تصدیق کے بغیر نہیں دینی چاہیے اور ایسے معاملات میں مکمل ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے انہوں نے واضح کیا کہ ایوان صدر میں ہر کام آئین اور قانون کی روح کے مطابق ہوتا ہے ۔