اوگرا نے پیٹرول بحران سے متعلق تحقیقات مکمل کر لی ،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ذمہ دار قرار دیدیا گیا،پٹرول بحران کے ذمہ دار قرار دیئے گئے سابق ایم ڈی پی ایس او کیخلاف نیب میں ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ، نام ای سی ایل میں بھی ڈال دیا گیا،فیصلہ حکومت کی اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد کیا گیا،ذرائع

اتوار 25 جنوری 2015 05:10

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جنوری۔2015ء )اوگرا نے پیٹرول بحران سے متعلق تحقیقات مکمل کر لی ہیں جس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پیٹرول بحران کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرول بحران سے متعلق اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں جس کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اس بحران کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے جن میں پی ایس او، شیل ، ایڈ مور، شیوران اور اوور سیز آئل شامل ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 10 مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول کا 20 دن کا ذخیرہ نہیں رکھا جس کے باعث پیٹرول کا بحران پیدا ہوا۔ آئل مارکیٹینگ کمپنیوں نے اوگرا کے شوز کاز نوٹس کا جواب بھی دے دیا ہے ۔ادھرملک بھر میں پٹرول بحران کے ذمہ دار قرار دیئے گئے سابق ایم ڈی پی ایس او امجد جنجوعہ کیخلاف نیب میں ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے ان کا نام ای سی ایل میں بھی ڈال دیا ہے تاکہ وہ بیرون ملک فرار نہ ہوسکیں ۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حکومت کی اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد کیا گیا اس حوالے سے وزارت پٹرولیم اور قدرتی وسائل کی طرف سے تمام ضروری اقدامات کرلئے گئے ہیں جبکہ نیب کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ پٹرول کے بحران پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے سابق ایم ڈی پی ایس او امجد جنجوعہ سمیت سابق وفاقی سیکرٹری پٹرولیم و ایڈیشنل سیکرٹری سمیت دیگر افسران کو معطل کردیا تھا جبکہ تحقیقاتی کمیٹی نے بھی ان کی معطلی کو برقرار رکھنے کی سفارش کی تھی ۔

تحقیقاتی کمیٹی طرف سے کی گئی انکوائری کے بعد امجد جنجوعہ پٹرول بحران نے ذمہ داری ، لاپرواہی اور بدعنوانی کے حوالے سے ٹھوس شوائد سامنے آئے ہیں جس پر یہ معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لایا گیا تو وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ فوری طورپر یہ کیس تحقیقات کیلئے نیب کو بھجوایا جائے ۔