نیب پاکستان میں انسداد بدعنوانی کا سب سے بڑا ادارہ ہے ،قمر زمان چوہدری،ادارے کو آگاہی کے جامع طرز عمل، انسداد اور انفورسمنٹ کے ذریعے کرپشن کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، بدعنوان عناصر اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، افسران بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے زیادہ چوکس رہ کر بھرپور جذبہ سے کام کریں، چیئرمین نیب کی راولپنڈی بیورو کے دورہ پر گفتگو

ہفتہ 24 جنوری 2015 08:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب پاکستان میں انسداد بدعنوانی کا سب سے بڑا ادارہ ہے جسے آگاہی کے جامع طرز عمل، انسداد اور انفورسمنٹ کے ذریعے کرپشن کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، بدعنوان عناصر اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، نیب کے افسران بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے زیادہ چوکس رہ کر اور بھرپور جذبہ سے کام کریں، نیب راولپنڈی کے وہ تمام شعبے جن کی نگرانی کی جا رہی تھی، کی کارکردگی لائق تحسین پائی گئی تاہم بہتری کی گنجائش ہر جگہ موجود ہوتی ہے۔

یہ بات انہوں نے نیب راولپنڈی بیورو کے دورہ کے موقع پر علاقائی بیورو کے سالانہ معائنہ کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

یہاں جاری کردہ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کی معائنہ و نگرانی ٹیم (سی آئی اینڈ ایم ٹی) کو راولپنڈی بیورو کی سالانہ کارکردگی برائے سال 2014ء سونپی گئی تھی۔ 21 جنوری سے لے کر 23 جنوری تک نیب راولپنڈی بیورو کی کارکردگی کا مقداریاتی گریڈنگ نظام کے تحت جائزہ لیا گیا۔

ٹیم کے سینئر ممبر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ معائنہ کاری کے فرائض سرانجام دیئے۔ اس موقع پر ٹیم کے سینئر ممبر نے چیئرمین نیب کو معائنہ اور اس کے چیدہ چیدہ نکات کے علاوہ راولپنڈی بیورو کی بعض کمزوریوں و خامیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر پہلی مرتبہ نیب کی تاریخ میں مقداریاتی گریڈنگ نظام وضع کیا گیا اور اس نظام کے تحت راولپنڈی بیورو کا معائنہ کیا گیا۔

اپنے افتتاحی ریمارکس میں چیئرمین نیب نے کہا کہ بلاشبہ قومی احتساب بیورو ملک میں انسداد بدعنوانی کیلئے ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے اور یہ آگاہی کے جامع طرز عمل، انسداد اور انفورسمنٹ کے ذریعے کرپشن کے خاتمہ کی ذمہ داری سرانجام دے رہا ہے۔ چیئرمین نیب اس سے قبل نیب لاہور اور کراچی بیوروز کے دورے بھی کر چکے ہیں۔ قومی احتساب بیورو راولپنڈی کو اس حوالہ سے بھی اہمیت حاصل ہے کہ یہ قومی احتساب بیورو کی مجموعی کارکردگی میں ایک بڑا حصہ ڈال رہا ہے۔

نیب راولپنڈی کے کمپلینٹس ویریفیکشن سیل نے گذشتہ سال کے دوران 196 شکایات کی تصدیق کی، 160 شکایات کی تحقیقات کی گئیں اور 97 کیسز کی تحقیقات مکمل کیں۔ اس عرصہ کے دوران نیب راولپنڈی 33 کیسز کی تحقیقات کیں جن میں سے 28 تکمیل تک پہنچ گئیں۔ ٹیم کی طرف سے چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ راولپنڈی میں نیب کے ریجنل بیورو نے احتساب عدالتوں میں 22 ریفرنس داخل کرائے، بدعنوانی عناصر سے 1222.47 ملین روپے کی وصولی کی گئی جبکہ 34 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو ایک ریکارڈ ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ہیڈ کوارٹر کی معائنہ ٹیم تمام ریجنز کا معائنہ کر رہی ہے اور ایک ہی معیار کے تحت ان کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ تمام بیوروز کی ایک طرز پر کام کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تشکیل دیئے گئے گریڈنگ نظام کے تحت نیب کے ریجنلز بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے نیب راولپنڈی بیورو کی کارکردگی کو سراہا اور ارکان کو ہدایت کی کہ بدعنوان عناصر اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے زیادہ چوکس رہ کر اور بھرپور جذبہ سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ معائنہ ٹیم بہتر کام کر رہی ہے اور نیب راولپنڈی کے وہ تمام شعبے جن کی نگرانی کی جا رہی تھی، کی کارکردگی لائق تحسین پائی گئی تاہم بہتری کی گنجائش ہر جگہ موجود ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی ہمیشہ قابل تعریف ہوتی ہے اور اس سے راولپنڈی بیورو کی اپنے فرائض سے لگن کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :