سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، تاریخی قبرستان میں سپرد خاک، وزیرا عظم نواز شریف ، شہباز شریف،طارق فاطمی اور دیگر پاکستانی حکام کے علاوہ عالمی رہنماوں کی شرکت،تعزیتی تقریب آج ہو گی، ترک صدر، ایرانی وزیر خارجہ ،مغربی ممالک کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے

ہفتہ 24 جنوری 2015 09:01

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء) سعودی فرمانروا شاہ عبدالله بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، وزیرا عظم پاکستان محمد نواز شریف سمیت کئی ممالک کے سربراہان نے شرکت کی،ریاض کے تاریخی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ سعودی عرب میں تین مصر میں سات روزہ سوگ ہوگا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نئے سعودی فرمانروا بن گئے محمد بن نائب وزیراعظم اور محمد بن سلیمان نئے وزیر دفاع ہوں گے۔

سعودی عرب کے بادشاہ عبدالله بن عبدالعزیز طویل علالت کے بعد جمعہ کے روز خالق حقیقی سے جاملے ان کی وفاق پر عالم اسلام اور بین الاقوامی راہنماؤن نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ سعودی فرمانروا کی نماز جنازہ بعد از نماز عصر ریاض کی قدیم جامع مسجد پرنس ترکی میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ‘ وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی اور دیگر پاکستانی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اردن‘ شام ‘ مصر ‘ کویت ‘ سوڈان اور ترکی کے سربراہان ممالکت نے بھی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی سعودی فرمانروا کو تاریخی قبرستان مقبرہ العود میں سپرد خاک کیا گیا انہیں ان کے والد کے پہلو میں دفن کیا گیا ، اس قبرستان میں شاہی خاندان کے افراد اور سابق فرمانروا بھی مدفون ہیں۔ سعودی فرمانروا کی غائبانہ نماز جناہ بعد از مغرب سعودی عرب کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں ادا کی گئی اس کے علاوہ کئی ممالک میں غائبانہ نماز جنازہ ادا ہوئی۔

سعودی فرمانروا کے انتقال کے بعد ولی عہدشاہ سلمان بن عبدالعزیز کو فرمانروا مقرر کیا گیا ہے محمد بن سلمان کو وزیر دفاع اور خلیفہ محمد نائف کو نائب وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے جبکہ باقی عہدوں پر پہلے سے موجود لوگ ہی رہیں گے ،سعودی عرب کے مختلف رہنماؤں نے جامع ترکی میں ان سے بیت لی جو سعودی عرب کی رسم ہے،شاہ عبداللہ کے حوالے سے ایک تعزیتی تقریب آج ہفتے کے روز منعقد ہو گی، جس میں ترک صدر رجب طیب ایردواں اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف بھی شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ اس موقع پر مغربی ممالک کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔ شاہ عبدالله کے انتقال پر سعودی عرب میں تین روزہ سوگ ‘ پرچم سربلند رہے گا۔ مصر میں سات روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی فرمانروا کے انتقال پر سعودی عرب میں تین دن سوگ منایا جائے گا تاہم سعودی عرب کا پرچم تاریخ میں کبھی سرنگوں ہوا اور نہ ہی ہوگا یہ پرچم سربلند ہی رہے گا کیونکہ اس پر کلمہ طیبہ لکھا ہے دوسری جانب مصر میں شاہ عبدالله کے انتقال پر سات روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔