وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے 12 مختلف مقدمات میں مخدوم امین فہیم کی ضمانت میں توسیع کر دی، سابق وفاقی وزیر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی

جمعہ 23 جنوری 2015 05:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جنوری۔2015ء)وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج محمد عظیم کی عدالت نے 12 مختلف مقدمات میں پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی ہے۔امین فہیم ٹڈاپ کرپشن کیس میں اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ پیش ہوئے۔ وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے ان کی ضمانت میں توسیع کر دی۔

کیس کی آئندہ سماعت19 فروری کو ہوگی۔ اس موقع پر وکلا ء صفائی کا کہنا تھا اگلی سماعت پر ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ فاروق ایچ نائیک نے صحافیوں سے گفتگومیں کہا کہ مقدمہ سیاسی انتقام ہے، امین فہیم کا نام ایف آئی آر میں نہ ہونے کے باوجود فائنل چالان میں شامل کیا گیا ہے۔اس سے قبل امین فہیم نے ایف آئی اے کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں یہ موٴقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہیں سیاسی طور پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر سندھ ہائی کورٹ نے فاروق ایچ نائیک کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیرِ تجارت امین فہیم کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا تھا۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امین فہیم نے کہا کہ پٹرول بحران کا ذمہ دار کسی ایک شخص کو ٹھہرانا درست نہیں ، بحران کے خاتمے کے لیے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔یاد رہے کہ ٹڈاپ میگا کرپشن اسکینڈل میں 27 میں سے 13 مقدمات کے چالان عدالت میں پیش کر دیئے گئے ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ان شخصیات کے خلاف کئی اہم ثبوت، ایک وعدہ معاف گواہ اور گرفتار ملزمان کے بیانات بھی حاصل ہو گئے ہیں۔مذکورہ مقدمات میں سابق وزیر اعظم گیلانی، سابق وفاقی وزیر تجارت امین فہیم، سیکریٹری زبیر احمد، عمران صابر، مہر ہارون، رشید رئیسانی، یوسف گیلانی کے سیکریٹری فیصل صدیقی، میاں طارق، فرحان جونیجو، مس افشاں جونیجو کو ملزمان ٹہرایا گیا ہے۔

ان کیسز میں ایف آئی اے حکام کو سابق وزیر اعظم اور سابق وفاقی وزیر کے خلاف منی لانڈرنگ، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے اہم ثبوت حاصل ہو گئے جبکہ کیس میں گرفتار ٹڈاپ کے اعلیٰ افسران عابد کریم، طارق اقبال پوری سمیت دیگر افراد نے ان اہم شخصیات کے خلاف بیان دیے ہیں۔ اسکے علاوہ کیس کا اہم ملزم بھی وعدہ معاف گواہ بنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر کے قریبی شخص اسلم پیرزادہ نے بھی رقم منتقلی کے حوالے سے اہم ثبوت ایف آئی اے کو دیے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹڈاپ کرپشن کیس میں ایف آئی اے نے 30 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں سے بیشتر ملزمان ضمانت حاصل کرچکے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :