اوبامہ آئندہ ہفتے نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم کے ریڈیو ”فون ان“ شو کے معاون میزبان ہوں گے

جمعہ 23 جنوری 2015 05:54

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جنوری۔2015ء)امریکی باراک اوبامہ بھارت کے اپنے تین روز بھرپور دورے کے طور پر آئندہ ہفتے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے باقاعدہ ماہانہ ریڈیو ”فون ان“ شو کے معاون میزبان ہوں گے ، اس بات کا اعلان مودی نے ایک ٹوئیٹ میں کیا ہے ۔انہوں نے سامعین سے کہا کہ وہ من کی بات (فرام دی ہرٹ)،جو عموماً ہندی میں ہوتا ہے ، کے 27جنوری کے ایڈیشن کے لئے اپنے سوالات بھیجیں۔

(جاری ہے)

مودی نے کہا کہ اس ماہ کی ”من کی بات “ کی بات کی قسط خصوصی ہوگی جہاں ہمارے یوم جمہوریہ کے مہمان باراک اوبامہ اور میں مل کر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔وزیراعظم نے اپنے ٹوئیٹر پر مزید کہا کہ یہ پروگرام بھارت اور امریکہ کے درمیان خصوصی تعلق کی وضاحت کرے گا۔باراک اوبامہ پروگرام کے مطابق اتوار کو نئی دہلی پہنچیں گے، وہ پہلے امریکی صدر ہوں گے جو اپنے دور اقتدار کے دوران جوابی دورہ کریں گے ۔

دوطرفہ مذاکرات کے علاوہ دونوں رہنما پیر کو اکٹھے یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھیں گے اور دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات کے اجتماع سے خطاب کریں گے ۔اوبامہ کے ہمراہ ان کی اہلیہ مشعل بھی ہوں گی ، توقع ہے کہ امریکی جوڑا منگل کو دورے کے اختتام پر شمالی شہر آگرہ میں تاج محل کا بھی دورہ کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :