متحدہ عرب امارات نے عزیربلوچ کی پاکستان حوالگی کاعندیہ دیدیا ،حکومت پاکستان ..
تازہ ترین : 1

متحدہ عرب امارات نے عزیربلوچ کی پاکستان حوالگی کاعندیہ دیدیا ،حکومت پاکستان کو عزیربلوچ کو پا کستا ن لا نے کے لئے سفارتی ذرائع استعمال کرنا ہوں گے۔ذرائع

ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2015ء )متحدہ عرب امارات نے پہلی بار پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ لیاری گینگ وار کا مرکزی کردار عزیر بلوچ اْن کی تحویل میں ہے ، اماراتی حکومت نے ایک خط کے ذریعے عزیر بلوچ کی حوالگی کا عندیہ بھی دیا جس کے بعد امکان ہے کہ بہت جلد ایک ٹیم ملزم کو لینے عرب امارات روانہ ہوجائے گی۔ متحدہ عرب امارات میں 28اور29دسمبر کو عمان دبئی بارڈرپر عزیر بلوچ کو انٹرپول نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ ایرانی پاسپورٹ پر عبدالغنی خدا بخش کے نام سے سفر کر رہا تھا اور سڑک کے ذریعے دبئی میں داخل ہونا چاہتا تھا۔

اس کی گرفتاری کے بعد انٹر پول نے اس سے تحقیقات کی اور کئی گھنٹوں بعد اس نے اقرار کیا کہ وہ عزیر بلوچ ہے۔ گرفتاری کے بعد انٹرپول حکام نے اماراتی حکام سے رابطہ کیا اور تقریبا 20دن بعد انٹرپول اسلام آباد کے نام خط لکھا ہے جس میں حکومت پاکستان کی جانب سے ریڈ وارنٹ کا بتایا گیا ہے، خط میں اماراتی حکام نے پہلی بار اس بات کا اقرار کیا ہے کہ عزیر بلوچ ولد فیض محمد عرف ماما فیضوجو کہ پاکستانی حکام کو قتل کے مقدمے میں مطلوب ہے وہ ان کی تحویل میں ہے اور اس کی حوالگی کے لیے حکومت پاکستان کو سفارتی ذرائع استعمال کرنا ہوں گے۔

وقت اشاعت : 22/01/2015 - 09:08:16

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں