عمرے کے دوران طاہر القادری سے ملاقات کرونگا ، شیخ رشید ،عمران کا معلوم نہیں ، ملک میں 60فیصد مارشل لاء لگ چکا ہے ،70فیصد فیصلے آرمی چیف کررہے ہیں ، جمہوریت آخری سسکیاں لے رہی ہے ، قوم اب نااہل حکمرانوں کی سیاست کو ٹوکری میں ڈالے ،پی ایس او پانچ سو ارب روپے کا مقروض ہوچکا ہے ، وزیر پٹرولیم کہتے ہیں اس بارے ہمیں معلوم نہیں ، موجودہ حکمران انٹرنیشنل ڈکیت ہیں ، سانپ کو زخمی کرکے چھوڑنا زندہ سانپ سے زیادہ خطرناک ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 21 جنوری 2015 06:51

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2015ء ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمرے کی سعادت کے دوران مدینہ منورہ میں طاہر القادری سے ملاقات کرونگا ، عمران کا معلوم نہیں ، ملک میں 60فیصد مارشل لاء لگ چکا ہے ،70فیصد فیصلے آرمی چیف کررہے ہیں ، جمہوریت آخری سسکیاں لے رہی ہے ، قوم اب نااہل حکمرانوں کی سیاست کو ٹوکری میں ڈالے ،پی ایس او پانچ سو ارب روپے کا مقروض ہوچکا ہے ، وزیر پٹرولیم کہتے ہیں اس بارے ہمیں معلوم نہیں ، موجودہ حکمران انٹرنیشنل ڈکیت ہیں ، سانپ کو زخمی کرکے چھوڑنا زندہ سانپ سے زیادہ خطرناک ہے،جس ملک میں دو سو نائب قاصد کی سیٹوں پر 35ہزار ماسٹرز ڈگری ہولڈرز درخواستیں دے ایسی حکومت پر لعنت ہے ،نواز شریف اور اس کی حکومت کو پرائیویٹائز کیاجائے کیونکہ جہاں فوج اتنا چارج لے سکتی ہے تو وہاں یہ بھی سہی ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت آخری سسکیاں لے رہی ہے اور یہ حکومت کی نااہلی ہے فوجی عدالتوں کے قیام کے بعد ملک میں ساٹھ فیصد مارشل لاء لگ چکا ہے کیونکہ ملک میں 70فیصد فیصل آرمی چیف جنرل راحیل شریف کررہے ہیں ۔ شیخ رشید نے کہا کہ آج تک اتنی فرسودہ اپوزیشن نہیں دیکھی مولانا فضل الرحمن اور آصف علی زرداری دونوں حکومت کی جیب کی گھڑیاں ہیں عمران کے دھرنے کے بعد اپوزیشن کا نام ونشان نہیں رہا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس او پانچ سو ارب کا مقروض ہوچکا ہے اور شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ انہیں معلوم ہی نہیں کیونکہ یہ انٹرنیشنل ڈکیت ہیں ایل این جی کا ریٹ کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے مجھے خط لکھا تھا لیکن میں نے بھی شاہد خاقان کو امریکی کمپنی کا لکھا ہوا ایل این جی کے ریٹ سے متعلق خط دکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو حکومت کا صرف ایک ڈرامہ ہے کیونکہ دنیا میں اتنی مہنگی پر کلو میٹر میٹرو کہیں نہیں بن رہی ۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک میں دو سو نائب قاصد کی سیٹوں پر 35ہزار ماسٹرز ڈگری ہولڈرز درخواستیں دے ایسی حکومت پر لعنت ہے کیونکہ حکومت صرف اپنے مفاد کی خاطر فیصلے کررہی ہے ۔ انہوں نے عمران خان کے دھرنے کے فیل ہونے کے حوالے سے کہا کہ عمران خان کے دھرنے کا فیل ہونے کا ذمہ دارمیں نہیں عمران خان نے دھرنا ختم کرنے سے پہلے مجھے آگاہ نہیں کیا تھا اور میں تو ان عقل کے اندھوں کو پہلے کہتا تھا کہ زخمی سانپ زندہ سانپ سے زیادہ خطرناک ہوتا ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کا ایک بندہ بھی اسمبلی سے فارغ ہوا تو قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ سب سے پہلے نواز شریف فارغ ہوگا انہوں نے کہا کہ لاشوں پر سیاست زیادہ دن نہیں چلتی اگر نواز شریف سمجھتا ہے کہ وہ بچوں کی لاشوں پر زیادہ دیر تک سیاست کرے گا تو ایسا شخص کے پی کے میں تو کیا پورے ملک میں چہرہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا ۔ انہوں نے اداروں کو پرائیویٹائز کرنے کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف اور اس کی حکومت کو پرائیویٹائز کیاجائے کیونکہ جہاں فوج اتنا چارج لے سکتی ہے تو وہاں یہ بھی سہی ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بیورو کریسی ، ججز ، پولیس سمیت پٹواریوں میں مسلم لیگ (ن) شامل کررکھی ہے جبکہ شیخ رشید نے عمرے کی سعادت کے حوالے سے مدینہ منورہ میں طاہر القادری سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ وہ طاہر القادری سے مدینہ میں ملاقات کرینگے لیکن عمران خان کے حوالے سے معلوم نہیں