پٹرولیم بحران کے ذمہ داران کا تعین کرنے کیلئے وزیراعظم کی طرف سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی، پٹرولیم کی شارٹیج کا ذمہ دار اوگرا قرار، وزیراعظم نے مزید کارروائی کرتے ہوئے پی ایس او کے ڈی ایم ڈی فنانس سہیل بٹ کو بھی فوری طور پر معطل کردیا ، اوگرا نے حکومتی رپورٹ کو مسترد کر دیا ،6 ماہ سے آئل ممبر کا عہدہ خالی ہے، کورم پورا نہیں،فیصلے متاثر ہو رہے ہیں، پٹرول بحران کا ذمہ دار ٹھہرانا سراسر ناانصافی ہے، اوگرا

بدھ 21 جنوری 2015 06:32

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2015ء )پٹرولیم بحران کے ذمہ داران کا تعین کرنے کیلئے وزیراعظم کی طرف سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی ہے جس میں ملک بھر میں پٹرولیم کی شارٹیج کا ذمہ دار اوگرا کو قرار دیا گیا ہے جس پر وزیراعظم نے مزید کارروائی کرتے ہوئے پی ایس او کے ڈی ایم ڈی فنانس سہیل بٹ کو بھی فوری طور پر معطل کردیا ہے جبکہ اس سے قبل وفاقی سیکرٹری پٹرولیم سمیت معطل کئے گئے دیگر افسران کی معطلی کا فیصلہ بھی برقرار رکھا ہے ۔

انکوائری کمیٹی میں تحقیقاتی رپورٹ گزشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پیش کی تھیں اس موقع پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ مستقبل میں پٹرولیم کا ایسا بحران پھر پیدا نہ ہو ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم نے مزید ہدایات جاری کی ہیں کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے غفلت برتنے پر ذمہ داران کارروائی سے نہیں بچ سکتے ۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں روزانہ بارہ ہزار میٹرک ٹن پٹرول کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ آج 19ہزار 300میٹرک ٹن ملک بھر میں سپلائی کردیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی قلت کا مسئلہ تقریباً حل کرلیا گیا ہے ۔ادھراوگرا نے پٹرول بحران کے حوالے سے وزیر اعظم کی بنائی گئی دو رکنی ٹیم کی رپورٹ کو مسترد کر دیا ۔6 ماہ سے ادارے میں آئل عہدے کیلئے ممبر تعینات نہیں کیا گیا جس سے فیصلے بھی متاثر ہو رہے ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا حکام نے کہا ہے کہ ملک میں جاری پٹرول بحران کا ذمہ دار ٹھہرانا سراسر نا انصافی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ چھ ماہ سے ادارے میں ممبر آئل کا عہدہ خالی پڑا ہے ۔ادارے میں کورم بھی پورا نہیں ہے جس کی وجہ سے فیصلے متاثر ہو رہے ہیں ۔اوگرا حکام نے کہا کہ ملک میں جاری پٹرول بحران کا ذمہ دار اوگرا نہیں ہے