باجوڑ ایجنسی، سیکورٹی فورسز سے جھڑپ میں 7 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن سمیت 3 اہلکار شہید ، فورسز نے علاقے کو گھیر لیا ،مزید دہشت گردوں کے تلاش کیلئے آپریشن شروع ،شمالی وزیر ستان کی تحصیل شوال میں امریکی جاسوس طیارے کا ڈرو ن حملہ ، 5 افرادجاں بحق 6 زخمی، جاسوس طیاروں کی نچلی سطح پر پروازوں کا سلسلہ جاری رہا ،علاقے میں خوف و ہر اس پھیل گیا

منگل 20 جنوری 2015 09:10

باجوڑ ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2015ء ) باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں کیپٹن سمیت 3 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ باجوڑ ایجنسی کے علاقے بانڈہ میں سرچ آپریشن کے دوران ہوئی جہاں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کرکے کیپٹن سمیت 3 اہلکاروں کو شہید اور 3 کو زخمی کردیا تاہم سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید دہشت گردوں کے تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا جب کہ زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ادھرشمالی وزیر ستان کی تحصیل شوال میں امریکی جاسوس طیارے کی حملے میں 5 افرادجاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال کے علا قے شا ہی خیل میں ایک مکا ن پر دو میزائل داغے جسکے نتیجے میں گھر میں موجود 5 افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں امریکی جاسوس طیاروں کی نچلی سطح پر پروازوں کا سلسلہ کا فی دیر تک جاری رہا جس سے علاقے میں خوف و ہر اس پھیل گیا۔