وزیراعظم نے پیٹرولیم بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے دو رکنی کمیٹی بنا دی،دو تین دن کے اندر وزیراعظم کو رپورٹ دے گی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے اپنے آپ کو بحران کا ذمہ دار تسلیم کر لیا،عوام پریشان نہ ہوں، پٹرول اب ہر جگہ دستیاب ہوگا،وفاقی وزیر کا اعلان

منگل 20 جنوری 2015 09:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2015ء) پیٹرولیم بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے دو رکنی کمیٹی بنا دی ہے جو دو تین دن کے اندر وزیراعظم کو رپورٹ دے گی جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے اپنے آپ کو بحران کا ذمہ دار تسلیم کر لیا اور کہا ہے کہ عوام پریشان نہ ہوں، پٹرول اب ہر جگہ دستیاب ہوگا۔یہ اعلان وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں تعین کئے گئے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس بحران کا میں ہی ذمہ دار ہوں لیکن ابھی تک استعفیٰ دینے کا کوئی پروگرام نہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں پیٹرول کی سپلائی بحال ہوگئی ہے عوام پریشان نہ ہوں اور روزانہ کی بنیادوں پر پنجاب اور اسلام آباد کو دی جانے والی سپلائی میں سو فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحران کی وجہ ملک میں پیٹرول کی مانگ میں اضافہ ہے اور جو کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے اضافہ پیدا ہوا۔ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں بحران پر کسی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی روزانہ گیارہ لاکھ بیرل کی سپلائی بحال کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس کا ذاتی طور پر نوٹس لیا اور آج وزیراعظم ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دو رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے یہ کمیٹی او جی ڈی سی ایل کے چیئرمین زاہد مظفر اور او جی ڈی سی ایل کے فنانس منیجر ظفر مسعود اور یہ کمیٹی وزیراعظم کو رپورٹ دے گی اور رپورٹ کی روشنی میں بحران کے ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اوگرا کے چیئرمین سعید احمد خان کے اس بحران کے ذمہ دار ہونے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اگر یہ ذمہ دار پائے گئے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے اس بحران کی ذمہ داری براہ راست اپنے اوپر لیتے ہوئے کہا کہ اس بحران کوہم حل کریں گے۔ عوام پریشان نہ ہوں پیٹرول اب ہر جگہ دستیاب ہوگا۔