وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس،تعلیمی اداروں میں پیشگی الارم سسٹم لازم قرار،صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کیلئے کئے گئے فیصلوں پر موثر عملدر آمد یقینی بنایا جارہا ہے:شہباز شریف،دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کی مختلف جہتیں ہیں،ان سب کا احاطہ کر کے خاتمہ ضروری ہے ،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

پیر 19 جنوری 2015 06:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جنوری۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں صوبے میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمدکے حوالے سے اقدامات،امن عامہ کی مجموعی صورتحال، سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے لئے وضع کردہ سکیورٹی پلان اور صوبے میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں میں پیشگی الارم سسٹم لازمی قرار دینے کافیصلہ کیا گیا اوروزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں میں پیشگی الارم سسٹم شروع کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نجی و سرکاری سکولوں ،کالجوں اوریونیورسیٹوں میں وضع کردہ سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اوراس ضمن میں صوبائی وزراء اورسیکرٹری صاحبان اپنے تفویض کردہ اضلاع میں انتظامات کی نگرانی جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کا متفقہ لائحہ عمل ہے ۔دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمدکے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کے حوالے سے فوری فیصلے کیے گئے ہیں اوران فیصلوں پر موثر عملدر آمد یقینی بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہتمام متعلقہ ادارے بہترین کوارڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں ۔وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اوراتحاد کی قوت سے دہشت گردی کے عفریت کوہمیشہ کیلئے کچل دیں گے۔ملک کو دہشت گردی و انتہاء پسندی کی لعنت سے پاک کر کے امن وسلامتی کا گہوارہ بنائیں گے۔دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کی مختلف جہتیں ہیں،ان سب کا احاطہ کر کے خاتمہ ضروری ہے۔

معاشرے کے تمام طبقات کو ملکرپاکستان کی بقاء کی جنگ لڑنا ہے ۔پاکستان کی بقاء ،استحکام اورترقی و خوشحالی کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ہی واحد آپشن ہے اورانشاء اللہ ہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر طبقے کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ شہداء پشاور کے طفیل اتحاد اوراتفاق سے دہشتگردی کو ہمیشہ کیلئے کچلنے کا یہ تاریخی موقع ہے ۔

اجتماعی کاوشوں اوراتحاد کی قوت سے دہشت گردی ،انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کی لعنت کا خاتمہ کریں گے۔موجودہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات وقت کی ضرورت ہیں اوراس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سول ڈیفنس کو فعال اورمتحرک کرنے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جائے اوراس ضمن میں جلد سفارشات پیش کی جائیں ۔

اجلاس کے دوران صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات،امن عامہ کی مجموعی صورتحال،سکیورٹی انتظامات اور تعلیمی اداروں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ،صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ ،مجتبیٰ شجاع الرحمن،عطامانیکا،ایم پی اے راناثناء اللہ،زعیم حسین قادری،ایم این اے رضا حیات ہراج،معاون خصوصی رانا مقبول،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس ،سیکرٹری داخلہ اور اعلی حکام نے شرکت کی ۔