22ویں ترمیم پر اتفاق رائے موجود، جلد منظور کیا جائے، قاری حنیف جالندھری، وزیرداخلہ فیصد کے چکر سے نکل کر دہشتگردی میں ملوث مدارس کو نامزد کریں،دہشتگردوں میں تقسیم عدل وانصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے،میڈیا سے گفتگو

پیر 19 جنوری 2015 06:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جنوری۔2015ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ سوائے چند جماعتوں اور افراد کے علاوہ 22ویں ترمیم پر اتفاق رائے پایاجاتا ہے اس لئے جلد ازجلد نئی ترمیم مرتب کرکے اسے منظور کیا جائے۔ قوم بھرپور ساتھ دیگی۔ وفاقی وزیرداخلہ اب 99فیصد مدارس کو دہشتگردی سے پاک سمجھتے ہیں مگر ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ فیصد کے چکر سے نکل کر دہشتگردی میں ملوث مدارس کو نامزد کریں تو ان کی رجسٹریشن منسوخ کرکے کارروائی میں حکومت کا ساتھ دیں گے ورنہ ہم ان کے الزام کومدارس کے خلاف نامعلوم ایف آئی آر سمجھیں گے۔

مدارس ہمیشہ رجسٹریشن اور آڈٹ کے پابند ہیں اور رہیں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی میں دینی مدارس حکومت اور فوج کے حلیف ومعاون ہیں۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں میں تقسیم عدل وانصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ مذہبی لسانی اور قومیت کی تفریق کے بغیر قانون سازی کی جائے۔ مگر ڈی چوک میں جن پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے ان کا آڈٹ کون کرے گا؟؟ توہین آمیز خاکوں کے خلاف قومی سطح پر احتجاج کرنے کیلئے تمام جماعتوں کو آن بورڈ لیا جائے۔ مسیحی پوپ کے مذمتی بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسلامی ممالک کی حکومتوں سے عالمی سطح پرقانون سازی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :