وزیراعلی خیبرپختونخوا نے گھنٹہ گھر سانحے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے امداد ی پیکج بڑھانے کا اعلان کردیا، دس دس لاکھ کی بجائے بیس بیس لاکھ روپے اور خاندان کے ایک فرد کو کلاس فور کی ملازمت دینے جبکہ زخمی دکاندار کو دو لاکھ روپے دینے کی ہدایت کردی ،پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت شہریوں اور تاجرو دکاندار برادری کو قانون توڑنے کی بجائے قانون پسند بنانے کا کلچر فروغ دے رہی ہے ہماراکوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک

پیر 19 جنوری 2015 06:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جنوری۔2015ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے گھنٹہ گھر سانحے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے امداد ی پیکج بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں دس دس لاکھ کی بجائے بیس بیس لاکھ روپے اور خاندان کے ایک فرد کو کلاس فور کی ملازمت دینے جبکہ زخمی دکاندار کو دو لاکھ روپے دینے کی ہدایت کردی ہے انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امدادی رقوم کے یہ چیک کل پیر کو مرحومین کے سوئم کے موقع پر انکے گھروں میں پہنچا دیئے جائیں گے اسی طرح انہوں نے سانحہ کی جوڈیشل انکوائری جبکہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب کرین ڈرائیور کی گرفتاری کا حکم بھی جاری کردیا ہے اس کا اعلان اُنہوں نے سی ایم ہاؤس پشاور میں متاثرین اور تاجر انصاف کے مرکزی و بازار صدور سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر تینوں جاں بحق افراد خان محمد، محمد اسماعیل اور ارشد علی کے بھائیوں ولی محمد مومند، خاطر زمان اور اکرام علی اور زخمی دکاندار محمد ابراہیم کے علاوہ صوبائی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت یوسفزئی، تاجر انصاف کے مرکزی صدر شاہد خان، نائب صدر شاہ پور خان، جنرل سیکرٹری سید بادشاہ، بازار صدور ڈاکٹر افتخار حسین، شیخ رزاق ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے غریب تاجر برادری کا دکھ بانٹنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ انہیں اعتمادمیں لینے کی صورت میں تجاوزات ہٹانے اور سڑکوں و بازاروں کی کشادگی و خوبصورتی کی مہم میں وہ بھی حکومت سے بھر پور تعاون کریں گے اور انتظامیہ کے دست و بازو بنیں گے سیکرٹری داخلہ سید اختر علی شاہ ، کمشنر پشاور منیر اعظم، ڈپٹی کمشنر پشاور ظہیر الاسلام اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ پشاور شہر کے بازار صدور بھی اس موقع پر موجود تھے پرویز خٹک نے متاثرین اور تاجر رہنماؤں کا اس بات پر بطور خاص شکریہ ادا کیا کہ واقعے کے فوری بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے اُن سے رابطے کئے اور انہیں شہر میں توڑ پھوڑ اور فساد پھیلانے کیلئے اشتعال دلانے کی پوری کوشش کی مگر وہ انکے بہکاوے میں نہیں آئے اور وہی طرز عمل اختیار کیا جس کی توقع ذمہ دار شہریوں سے ہوتی ہے اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مفاد پرست سیاستدانوں اور حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات اور شہروں میں گند اور فساد پھیلانے کیلئے انکے کندھے استعمال کرنے اور دیگر ہتھکنڈے اپنائے مگر اب ایسا نہیں ہو گاپی ٹی آئی کی اتحادی حکومت شہریوں اور تاجرو دکاندار برادری کو قانون توڑنے کی بجائے قانون پسند بنانے کا کلچر فروغ دے رہی ہے ہماراکوئی ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ ہم غریب عوام کو انکے غصب شدہ بنیادی حقوق اور تعمیر و ترقی کا پاکیزہ ماحول دینے آئے ہیں اُنہوں نے اعتراف کیا کہ تاجروں کا تعلق کسی نہ کسی جماعت سے ہوتا ہے مگر ہم نے اس شہر کو تخریب اور بدصورتی کا شکار نہیں بلکہ ترقیافتہ اور حقیقی معنوں میں فلاحی اور غریب پرور بنانا ہے جس کیلئے ہمیں سازشی عناصر سے بچ کر اتحاد و یکجہتی سے تعمیر و ترقی کا راستہ اپنانا ہے وزیر اعلیٰ نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے تاجر دکاندار برادری کے تعاون کی پیشکش پر بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتظامیہ متعلقہ ایم پی اے اورتاجر برادری کے ہمراہ تجاوزات ہٹائے گی انہوں نے کہا کہ تجاوزات اور قبضہ مافیا معاشرے کی کالک ہے جسے ہم نے مل جل کر ختم کرنا اور اپنے شہر کوصاف ستھرا بنانا ہے تاکہ ہماری آئندہ نسلیں بھی اس پر فخر کرسکیں پرویز خٹک نے کہا کہ آج ترقیافتہ ممالک میں قانون توڑنا بڑا گناہ سمجھا جاتا ہے مگر ہمارے ہاں قانون شکنی کی ترغیب دی جاتی ہے ہر کوئی دوسروں کیلئے تبدیلی پسند کرتا ہے مگر اپنی ذات پر لاگو نہیں کرنا چاہتا ہم نے تبدیلی کا عمل پہلے اپنی ذات سے شرو ع کیا ہے تاکہ ایسا خود کار نظام سامنے آئے جس میں غریب شہری بھی طاقتور بن جائے اور کسی کو اپنے چھوٹے موٹے کاموں کیلئے وزیر،مشیر، ایم پی اے اور اعلیٰ حکام کی منت سماجت سے ہمیشہ کیلئے چھٹکار امل جائے ہمارے کسی وزیر یا ایم پی اے کی مجال نہیں کہ وہ کرپشن یا غیر قانونی کام کرے اور اگرکرے گا تو انجام کیلئے بھی تیار ہو گا میں نے خود اپنے بچوں کیلئے حرام کمایا ہے اور نہ ہی کسی کو حرام کا مال گھر لے جانے دونگا معاشرہ اسی طریقے سے سدھرتا ہے اگر شہری کسی اہلکار کو رشوت نہ دے تو کسی کی مجال نہیں کہ ان سے تقاضا کرے اور اگر ایسا ہوا تو مجھے یا کمپلینٹ سیل سے کو ثبوت کے ساتھ اطلاع دے وہ معطل ہو گا یا جیل جائے گا میرے اپنے حلقے کے افراد اور ووٹر وں کو غلط کاموں پر سزائیں ملی ہیں اسلئے صوبے کا کوئی بھی فرد قانون سے بالاتر نہیں وزیر اعلیٰ اس موقع پر تاجر برادری سے گھل مل گئے اور انکے انفرادی مسائل بھی سنے انہوں نے دکانداروں کی تجویز پر تجاوزات ہٹتے ہی فٹ پاتھ اور دیگر تعمیرات فوری شروع کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ اس مقصد کیلئے وہ 10 کروڑ روپے مہیا کرچکے ہیں انہوں نے شہر میں سٹریٹ لائٹس اور پانی کی پائپ لائنوں کی تبدیلی پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی انہوں نے فوڈ سٹریٹ کے قیام میں بھی تاجروں سے تعاون کی اپیل کی۔