ون ڈے رینکنگ میں ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو تنزلی کا خطرہ

جمعہ 16 جنوری 2015 08:25

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء) ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم پر مزید تنزلی کا خطرہ نظرآنے لگا ہے اور ویسٹ انڈیز کی جنوبی افریقہ پر فتح ٹیم کوآٹھویں نمبر پر پہنچا سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس وقت عالمی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان 97 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر موجود ہے دونوں کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق اور اگر کیریبیئن سائیڈ پروٹیز کیخلاف جمعے سے شروع ہونے والی 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو پھر گرین شرٹس کو آٹھویں نمبر پر جانا پڑے گا۔

پروٹیز رینکنگ میں اس وقت تیسرے نمبر پر 112 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں۔ دوسری جانب چوتھی پوزیشن کی حامل سری لنکن ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ میں ون ڈے سیریز کھیلنے میں مصروف ہے پہلے مقابلے میں اسے شکست بھی ہوچکی۔

(جاری ہے)

اس سیریز کے بعد کیویز پاکستان سے 2ون ڈے میچز بھی کھیلیں گے۔اس وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم رینکنگ میں چھٹے نمبر پاکستان سے 2 پوائنٹس آگے ہے۔

ادھرآسٹریلیااور بھارت دونوں کے پوائنٹس 117 تاہم اعشاریائی فرق کی وجہ سے آسٹریلیا پہلے نمبر پر موجود ہے۔ جمعہ سے انگلینڈ کی شمولیت سے شروع ہونیوالی ٹرائنگولر سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاپ پوزیشن پر قبضے کیلئے بھی کشمکش جاری رہے گی تاکہ میگا ایونٹ میں وہ زیادہ اعتماد کے ساتھ قدم رکھ سکیں پہلا میچ سڈنی کرکٹ گراوٴنڈ پرآسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا یہ14 فروری کو میلبورن کرکٹ گراوٴنڈ پر شیڈول انہی دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے کی فل ڈریس ریہرسل ہے۔

ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، مصباح الحق 14 اور احمد شہزاد 18 نمبر پر موجود ہیں۔ ٹاپ ٹین بولرزمیں شامل دونوں پاکستانی بولرز سعید اجمل 2 اور محمد حفیظ10 غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے فی الحال پابندی کا شکار ہیں۔ محمد عرفان 16 ویں اورآفریدی 18ویں نمبر پرہیں۔

متعلقہ عنوان :