تحریک انصاف کے مسلسل غیرحاضر ارکان کو معطل کرنے کا فیصلہ،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آگاہ کر دیا، ارکان کا آنے سے پھر بھی انکار

جمعہ 16 جنوری 2015 08:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء)وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی جو قومی اسمبلی کے اجلاسوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی رکنیت معطل کی جائے۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے باقاعدہ آگاہ بھی کردیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی ایوان سے غیر حاضری کے حوالے سے اگر کوئی سیاسی جماعت یا کوئی رکن قومی اسمبلی تحریک پیش کرے گا تو سات دنوں میں اس پر ووٹنگ کرائی جائے گی جس کے بعد اس پر مزید کارروائی کرتے ہوئے غیر حاضر اراکین اسمبلی کی رکنیت کو معطل کرنے یا ختم کرنے کے حوالے سے اقدام کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے فی الحال قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو جوابی طور پر آگاہ بھی کردیاگیا ہے۔