کراچی اور لاہور میں 2مجرموں کو پھانسی پر دے دی گئی ، زاہد اور سعید کو پولیس اہلکاروں کے قتل کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی، پھانسی سے قبل دونوں مجرموں ورثاء سے آخری ملاقات کرائی گئی ،اکرام الحق عرف لاہوری کے بلیک وارنٹ بھی موصول، 17جنوری کو پھانسی دی جائے گی

جمعہ 16 جنوری 2015 08:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء) کراچی اور لاہور میں سزائے موت کے 2 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی۔ زاہد اور سعید کو پولیس اہلکاروں کے قتل کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔پھانسی سے قبل دونوں مجرموں کا میڈیکل چیک اپ سمیت دیگر ضروری کارروائی کی گئی اور اس کے بعد انہیں پھانسی گھاٹ لے جایا گیا۔کوٹ لکھپت جیل لاہورمجرم زاہد کو پھانسی دی گئی۔

زاہد عرف زادو نے 1998 میں ملتان میں 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا تھا۔کراچی سینٹرل جیل میں مجرم سعید کو پھانسی دے دی گئی۔سعید نے 2001 میں ریٹائرڈ ڈی ایس پی صابر حسین اور ان کے بیٹے کو قتل کیا تھا۔۔ پھانسی سے قبل دونوں مجرموں کی ورثاء سے آخری ملاقات کرائی گئی ۔ پھانسی گھاٹ کی طرف جاتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں ۔

(جاری ہے)

پھانسی سے پہلے مجرموں سے ان کے رشتہ داروں کی آخری ملاقاتیں کرائی گئی تھیں جب کہ پھانسی کے وقت جیل کے اطراف سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد حکومت کی جانب سے سزائے موت پر عمل درآمد شروع کیا گیا اور اب تک 19 دہشت گردوں کو پھانسی کی سزا دی جا چکی ہے۔ادھر کوٹ لکھپت جیل میں ہی قید مجرم اکرام الحق عرف لاہوری کے بلیک وارنٹ بھی موصول ہوگئے۔ جیل ذرائع کے مطابق اکرام الحق کو 17جنوری کو پھانسی دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :