مسئلہ کشمیر پر پیشرفت کیلئے پاکستان اور بھارت کی معاونت کیلئے تیار ہیں‘ بانکی مون،دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں تاخیر تباہ کن ہو سکتی ہے‘ بیان

جمعہ 16 جنوری 2015 09:07

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مذاکرات کی بحالی میں تاخیر تباہ کن ہو سکتی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پیشرفت کیلئے دونوں ممالک کو مدد دینے کیلئے تیار ہیں۔ بھارتی میدیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت فوری طور پر مذاکراتی عمل کو بحال کریں کیونکہ اگر تشدد کو پھیلنے دیا گیا تو کنٹرول لائن کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک تباہی کی طرف جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری عالمی برادری اس حق میں ہے کہ دونوں ممالک امن کو موقعہ دیں اور کشمیر مسئلے پر اگرچہ دونوں ممالک چاہیں تو اقوام متحدہ کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ بان کی مون کا کہنا تھا کہ پچھلے ایک مہینے کی صورتحال انتہائی تشویشناک بنی ہوئی ہے جبکہ دونوں ممالک کی قیادتوں کو سرحدوں پر سکون یقینی بنانا ہو گا تاکہ انسانی جانیں ضائع نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر دونوں ممالک کی قیادت کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی طور پر لڑائی اور جھڑپیں نہ پھیلیں جس کی وجہ سے پورا برصغیر کشیدگی کی لپیٹ میں آئیگا۔