فوجی عدالتوں کا قیام عدلیہ پر عدم اعتماد نہیں، عدلیہ کا احترام اور فیصلوں پر عمل کرتے ہیں ،نوازشریف،غیر معمولی مسائل کے حل کیلئے فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کیا،بیان

جمعہ 16 جنوری 2015 09:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے واضح کیا ہے کہ فوجی عدالتوں کا قیام عدلیہ پر عدم اعتماد نہیں، عدلیہ کا احترام اور فیصلوں پر عمل کرتے ہیں ،غیر معمولی مسائل کے حل کیلئے فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کیا۔جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے،ان حالات میں فوجی عدالتوں کے قیام سمیت دیگر ضروری اقدامات حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے،یہی وجہ ہے کہ فوجی عدالتیں قائم کی جارہی ہیں۔

ان فوجی عدالتوں کا مقصد دہشتگردوں کو ختم کرنا اور دہشتگردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام محدود مدت کیلئے ہے،جس میں دہشتگردوں کے ٹرائل اور ان کے خلاف عدالتی کارروائی میں تیزی آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ نے عدلیہ کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اب بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت عدلیہ کا احترام کرتی ہے،یہ کہنا کہ عدلیہ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے فوجی عدالتیں بنائی گئی ہیں یہ درست نہیں،فوجی عدالتیں غیر معمولی مسائل کے حل کیلئے قائم کی گئی ہیں،یہ فیصلہ آخری اقدام کے طور پر کیا گیا،جس کا مقصد دہشت گردوں کو ختم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیان سپریم کورٹ کے ججوں کی طرف سے فوجی عدالتوں کے قیام کے حوالہ سے سخت ریمارکس کے بعد جاری کیا گیا ہے جس میں وضاحت پیش کی گئی ہے۔