شمالی و جنوبی وزیرستان میں دو الگ الگ امریکی ڈرون حملے ، غیر ملکی دہشت گردوں سمیت سات افراد ہلاک، جاسوس طیارے نے ایک گھر پر 2 میزائل داغے ،حملے میں دہشت گردوں کے زیر استعمال ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا،پولیٹیکل انتظامیہ،حملے کے بعد جاسوس طیاروں کی نچلی پروازیں، عوام میں خوف و ہراس

جمعہ 16 جنوری 2015 09:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء) شمالی و جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے نزدیک ایک ہی روز دو الگ الگ امریکی ڈرون حملوں میں کم ازکم 12افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہلاک شدگان میں غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح شمالی وزیرستان کی تحصیل وادی شوال میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک گھر پر 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں7 غیر ملکی دہشت گرد ہلاک جبکہ حملے کے بعد جاسوس طیاروں کی پروازوں کا سلسلہ جاری بھی رہا ۔

جس سے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ادھر پولیٹیکل انتظامیہ نے بھی امریکی ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں دہشت گردوں کے زیر استعمال ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا ۔مارے جانے والوں میں غیر ملکی دہشت گرد شامل ہیں تاہم ان کی قومیت کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جنوبی وزیر ستان میں بھی امریکی ڈرون حملے میں 5 افراد ہلاک 3 زخمی ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق ڈرون طیارے نے پاک افغان سرحدی علاقے وچہ ورہ میں ایک گھر پر 2 میزائل داغے جس سے گھر تباہ ہو گیا حملے میں 5 افراد ہلاک 3 زخمی ہو گئے۔واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے رواں سال پاکستانی حدود میں یہ دوسر ی مرتبہ ڈرون حملہ ہوا ہے جب کہ اس سے قبل 4 جنوری کو بھی امریکی جاسوس طیاروں نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کے نشانہ بنایا تھا جس میں 6 دہشتگرد مارے گئے تھے۔

علا وہ ازیں امریکہ کی جانب سے قبائلی علاقوں پر ڈرون حملوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے متعدد بار شدید احتجاج کیا گیا ہے ،پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون حملے ملکی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں اور اس سے قبائلی عوام اور پاکستانیوں میں امریکہ مخالف جذبات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ امریکہ کا موقف ہے کہ ان حملوں میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔