نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں پر ویز مشرف پر فرد جرم عائد ، عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کے طبی معائنہ کے لئے میڈیکل بورڈ کی عدم تشکیل پر برہمی کا اظہار ، آئندہ سماعت پر ڈی جی صحت بلوچستان کو طلب

جمعرات 15 جنوری 2015 08:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جنوری۔2015ء )نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پر ویز مشرف پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت ہوئی ،دوران سماعت کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کے حوالے سے نامزد مرکزی ملزم پرویز مشرف کے طبی معائنہ کے لئے میڈیکل بورڈ کی عدم تشکیل پر برہمی کا اظہار کیا،دوسری جانب پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے ان کے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کے حوالے سے درخواست عدالت میں پیش کردی گئی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت عدالت کے جج آفتاب لون نے کی، سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب خان شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیرداخلہ میر شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ کیس میں نامزد مرکزی ملزم سابق صدر پرویز مشرف ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، تاہم عدالت میں سابق صدر پرویز مشرف کیوکیل ذیشان چیمہ کی جانب سے ان کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی اور طبی بنیادوں پرانکی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کے طبی معائنہ کے لئے میڈیکل بورڈ کی عدم تشکیل پر برہمی کا اظہار کیاگیا اور اس حوالے سے آئندہ سماعت پر ڈی جی صحت بلوچستان کو طلب کرلیاگیا ہے،عدالت نے سماعت کے دوران ایک گھنٹے کا وقفہ کے بعد فیصلے میں استثنیٰ کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف،سابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاور شعیب نوشیرانی پر فرد جرم عائد کر دی اور مزید سماعت4 فروری تک ملتوی کر دی۔