شہباز شریف نے ملتان میں میٹرو بس منصوبے کی منظوری دے دی ، ساڑھے 18 کلو میٹر طویل میٹرو بس منصوبہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سے چوک کمہاراں تک بنے گا، تقریباً 12 کلومیٹر منصوبہ ایلیویٹڈ ہوگا،30 ارب روپے لاگت آئے گی، سنگ بنیاد اگلے ماہ رکھا جائے گا، میٹرو بس منصوبہ ملتان کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے، سستی، معیاری ، باکفایت اور تیز رفتار سفری سہولتیں میسر آئیں گی، منصوبے کو پنجاب حکومت کے پہلے منصوبوں کی طرح شفافیت اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے:وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 14 جنوری 2015 08:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ملتان میں میٹرو بس منصوبے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کی منظوری آج یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی۔ میٹرو بس منصوبہ ساڑھے 18 کلو میٹر طویل ہوگا جو بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سے چوک کمہاراں تک بنے گا۔ تقریباً 12 کلومیٹر منصوبہ ایلیویٹڈ ہوگا۔

میٹرو بس پراجیکٹ کے 21 سٹیشن بنائے جائیں گے۔ منصوبے کا سنگ بنیاد اگلے ماہ رکھا جائے گا۔منصوبے پر 30 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ ملتان کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔ میٹرو بس منصوبے کو جدید طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔ میٹرو بس منصوبے کی تکمیل سے ملازمین، طلبہ، مزدوروں، اساتذہ، وکلاء، ڈاکٹرز اور خواتین کو سستی، معیاری ، باکفایت اور تیز رفتار سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے روٹ پر آنے والے فلائی اوورز کو میٹرو منصوبے کے حوالے سے استعمال کرنے کا جائزہ لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو پنجاب حکومت کے پہلے منصوبوں کی طرح شفافیت اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔ کمشنر ملتان ڈویژن نے اجلاس کو میٹرو بس پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی، سیکرٹری خزانہ، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔