تحریک انصاف کا 18 جنوری سے مختلف شہروں میں دھرنا کنونشنز منعقد کرانے کا اعلان،دھرنا کنونشنز سے عمران خان خطاب کریں گے، شیریں مزاری

بدھ 14 جنوری 2015 08:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2015ء )پاکستان تحریک انصاف نے 18 جنوری سے ملک کے مختلف شہروں میں دھرنا کنونشنز منعقد کرانے کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری کے مطابق تحریک انصاف کا پہلا دھرنا ورکرز کنونشن 18 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس میں عمران خان خطاب کریں گے جبکہ یکم فروری کو کراچی، 8 کو لاہور اور 15 فروری کو پشاور میں کنونشنز منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ 18 جنوری کو دھرنا کنونشن میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور اگر اس وقت تک بااختیار جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو نواز شریف کے لئے حکومت کرنا ناممکن ہوجائے گا۔ شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اٹھارہ جنوری کو ہونے والا دھرنا ورکرز کنونشن مقامی ہوٹل میں منعقد کیا جائے گا، عمران خان ورکرز کنونش سے خطاب کریں گے۔ترجمان کے مطابق 18جنوری کے بعد مختلف شہروں میں مرحلہ وار کنونشن منعقد کیے جائیں گے، اس سلسلے میں یکم فروری کو کراچی میں اور آٹھ فروری کو لاہور میں کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا، جب کہ 15فروری کو پشاورمیں ورکرز کنونشن منعقد ہوگا۔