پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر چلانے کے لیے فوج کا آئینی کردار چاہتے ہیں‘ پرویز مشرف ،میرے دور میں فوج کا آئینی کردار ادا کرنے کے لیے سکیورٹی کونسل جیسا ادارہ بنایا تھا تا کہ سیاستدانوں اور فوج میں اہم ایشوز پر مکمل ہم آہنگی ہو،ملک کی بقاء اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے حکومت و پاک فوج کی مکمل حمایت کرتے ہیں ‘ سابق صدر کی مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد امجد سے گفتگو

پیر 12 جنوری 2015 06:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین و سابق صدر سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے اور اسے جڑ سے اکھاڑنے کے لیے اور ملک کو ترقی کی راہ پر چلانے کے لیے فوج کا آئینی کردار چاہتے ہیں۔ میرے دور میں فوج کا آئینی کردار ادا کرنے کے لیے سکیورٹی کونسل جیسا ادارہ بنایا تھا تا کہ سیاستدانوں اور فوج میں اہم ایشوز پر مکمل ہم آہنگی ہواور کسی بھی ملکی اہم ایشو چاہے وہ داخلہ و خارجہ یا سلامتی امور سے متعلقہ ہو اس پر کھل کر بحث کی جا سکے اور اسکا حل نکالا جائے۔

نیشنل سیکورٹی کونسل ہی واحد ادارہ تھا جو حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار اداکر سکتاہے۔ دونوں حکومتوں کے فیل ہونے کی بنیادی وجہ ہی نیشنل سیکورٹی کونسل کا غیر فعال ہونا تھا، اگر نیشنل سیکورٹی کونسل فعال ہو تو ملک میں ترقی کی راہ میں حائل ہر قسم کی رکاوٹیں ختم ہو جاتی ہیں اور ملک میں جاری افواہ ساز خبریں دم توڑ جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد امجد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آج ملک میں اتفاق و اتحاد کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ ملک بچانا ہے تو فوج و آئینی کردار ادا کرنا ہوگا تا کہ دہشت گردوں کا قلع قمع کر سکیں اور انہیں بروقت سزائیں دی جا سکیں۔ پچھلے کئی سالوں سے خطرناک ترین دہشت گرد گرفتار ہوئے لیکن انہیں کوئی سزا نہیں مل سکی۔

دہشت گردوں کو بروقت سزائیں نہ ملنے کی وجہ سے دہشت گردی اور دہشت گرد پروان چڑھتے رہے اس لیے ملٹری کورٹس ناگزیر ہو چکے ہیں تا کہ ان کے قیام سے دہشت گردوں کو جلد از جلد سزائیں ملیں بھی اور پاکستانی قوم کو ان ناسوروں سے نجات ملے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ ہماری جماعت ملکی بقاء اور دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے حکومت و پاک فوج کو مکمل سپورٹ کرتی ہے۔

موجودہ حکومت سے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاک فوج کا آئینی کردار شامل کرتے ہوئے اسے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کا مکمل آئینی اختیار دے تا کہ ملک میں جاری افراتفری امن میں تبدیل ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی کے نام پر بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہو نے سے بچایا جائے اور فوری طور پر تمام تعلیمی ادارے کھولے جائیں۔ اسلام آباد کے شہریوں کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے میٹرو بس منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے تا کہ اسلام آباد سے گرد و غبار کا خاتمہ ہو سکے، بلیو ایریا کے تاجران جو کہ اس منصوبے سے بری طرح متاثر ہیں اپنا کاروبار بحال کر کے رزق کما سکیں۔

متعلقہ عنوان :