کراچی ، متحدہ قومی موومنٹ کے یوم سوگ کے اعلان کے بعد 10منٹ میں فائرنگ، 2ڈاکٹر جاں بحق

اتوار 11 جنوری 2015 10:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جنوری۔2015ء)کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے یوم سوگ کے اعلان کے بعد 10منٹ میں فائرنگ کے واقعے میں 2ڈاکٹر جاں بحق ہوگئے جبکہ موچکو سے ملنے والی 3لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے ۔مقتولین کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے بتایا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں متحدہ قومی مومنٹ کے گرفتار کارکن فراز عرف رائڈر کی مبینہ پولیس تشدد سے ہلاکت کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ہفتے کی شب یوم سوگ کے اعلان کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔

ہفتے کی شب 10منٹ کے دوران خلافت چوک اور پاپوش نگر میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں 2ڈاکٹر جاں بحق ہوگئے پولیس کے مطابق پاپوش نگربلاک5-Cمیں السید کلینک میں گھس کر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے50سالہ ڈاکٹر اکبر علی ولد سید گل محمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ خلافت چوک پر فائرنگ کے واقعے میں ڈاکٹر یاور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے دونوں لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہفتے کی دوپہر موچکو سے ملنے والی3لاشوں کی شناخت ہفتے کی شب ہوگئی مقتولین میں ریحان ،نعیم جعفری،اور عاطف زیدی شامل ہیں پولیس کے مطابق تینوں افراد لائنزایریا کے رہائشی اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن تھے ۔