این اے 122 کی جانچ پڑتال مکمل ، 42صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرادی گئی ،25 ہزار بیلٹ پیپرز کی کاؤنٹر فائلوں پر دستخط نہیں ، ریکارڈ مرتب کرنے میں غفلت کی دھاندلی کا فیصلہ ٹربیونل کرے گا

اتوار 11 جنوری 2015 10:16

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جنوری۔2015ء ) لاہور کے حلقہ این اے 122 کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد 42صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرادی گئی ،25 ہزار بیلٹ پیپرز کی کاؤنٹر فائلوں پر دستخط نہیں ، ریکارڈ مرتب کرنے میں غفلت کی دھاندلی کا فیصلہ ٹربیونل کرے گا ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122لاہور میں مبینہ دھاندلی کیخلاف الیکشن ٹربیونل میں مقدمہ جاری ہے جس کے تحت بنائے جانے والے کمیشن نے اپنی رپورٹ ٹربیونل میں جمع کرادی ہے کمیشن کے جج غلام حسین اعوان کا کہنا حلقہ کے تمام 284 پولنگ سٹیشنز کے بیلٹ پیپروں ، فارم 14اور 15سمیت دیگر ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا اور 42صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کردی گئی ہے جانچ پڑتال عمران خان اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نمائندوں کی موجودگی میں کی گئی عمران خان ، ایاز صادق یا کوئی بھی اور شخص رپورٹ عدالت سے حاصل کرسکتا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ میں ہر پولنگ سٹیشن سے متعلق پندرہ سوالوں کے جوابات دیئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا کہ چار پولنگ سٹیشنز کے ریکارڈ کی سیل ٹوٹی ہوئی پائی گئی حلقے کا ریکارڈ مرتب کرنے میں سرکاری عملے نے انتہائی غفلت کا مظاہرہ کیاہے حلقہ میں 25 ہزار بیلٹ پیپرز ایسے ہیں جن پر نام اور شناختی کارڈ نمبر درج ہے لیکن کاؤنٹر فائل پر دستخط نہیں ہیں اور نہ ہی مہر لگی ہے حلقے میں دھاندلی کا فیصلہ الیکشن ٹربیونل کرے گا واضح رہے کہ الیکشن پٹیشن کی سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک کررہے ہیں جو بارہ جنوری کو کیس کی سماعت کے دوران رپورٹ کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ سنائینگے ۔