آصف زرداری کی بلاول ہاؤس کراچی میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت ،سکول اور دیگر تعلیمی اداروں کو فول پروف سکیورٹی کا جامع انتظام کیا جائے،سندھ کی صوبائی حکومت کو ہدایات

ہفتہ 10 جنوری 2015 08:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جنوری۔2015ء)سابق صدر پاکستان شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس کراچی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور سندھ کی صوبائی حکومت کو ہدایات جاری کیں کہ سکول اور دیگر تعلیمی اداروں کو فول پروف سکیورٹی کا جامع انتظام کیا جائے۔ سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس کراچی میں اس اجلاس کی صدارت کی جس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس ایمرجنسی سروس کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے پولیس کو دہشتگردی کے خلاف جنگ کرنے کے لئے اور پولیس کی استعداد بڑھانے کے لئے ہتھیار، گاڑیاں اور دیگر سامان مہیا کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ سابق صدر نے کہا کہ پولیس دہشتگردی کے خلاف تحفظ میں ہمارا پہلا دفاع ہے اور پولیس اہلکاروں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان پولیس اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور کہا کہ وہ ہمارے قومی ہیرو ہیں اور ان کی عزت و احترام ہم پر لازم ہے۔

انہوں نے اجلاس میں موجود صوبائی وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے سارے وسائل مہیا کرے۔ انہوں نے حکومت اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ نجی اور سرکاری سکولوں کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کریں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور، وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنز کی نائب صدر شیری رحمن، پولیس آئی جی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سابق صدر نے سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ پروجیکٹس کو کراچی، لاڑکانہ، شہید بینظیرآباد اور سکھر میں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات کیں۔ یہ منصوبے کراچی، لاڑکانہ اور بینظیرآباد کے لئے شروع کئے گئے تھے لیکن سابق صدر نے سکھر کو بھی ان منصوبوں میں شامل کرنے کی ہدایات کیں اور کہا کہ ان منصوبوں کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ وہ وقتاً فوقتاً ان منصوبوں کی نگرانی کرتے رہیں گے۔ اس اجلاس میں بھی وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی نائب صدر شیری رحمن، وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ، سندھ کے چیف سیکریٹری اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :