یورپی یونین سمٹ کے ایجنڈے میں فرانس میں ہونے والی دہشت گردی کا معاملہ زیر غور آئے گا،صدر یورپی کونسل

ہفتہ 10 جنوری 2015 08:41

ریگا (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جنوری۔2015ء)اٹھائیس ملکوں کے بلاک یورپی یونین کا اگلا سربراہ اجلاس بارہ فروری کو ہو گا۔ یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے اِس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ اگلے سربراہ اجلاس کے سیشن کو استعمال کرتے ہوئے فرانس میں رونما ہونے والی دہشت گردی پر بڑے پیمانے پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ یونین ایسے چیلنجز کا کس طرح مثبت انداز میں مقابلہ کر سکتی ہے۔

ٹسک کے مطابق سمٹ میں دہشت گردی کے موضوع پر گفتگو کا فیصلہ فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کے ساتھ جمعرات کے روز ہونے والی ملاقات میں کیا گیا تھا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے بارہ فروری کو آئندہ شیڈول اجلاس میں پیرس میں ایک فرانسیسی طنزیہ جریدہ پر خونریز اسلام پسند حملے کے تناظر میں انسداد دہشت گردی کوششوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رہے گی ڈونلڈ ٹسک نے جمعہ کو لٹویا ،جس نے یکم جنوری سے یورپی یونین کی صدارت سنبھالی ہے ، کے دارالحکومت ریگا میں کہا کہ یورپ میں دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے ، یہ افسوسناک ہے ،ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا ہے ، یورپی یونین پیرس میں سفاکانہ حملوں کا جواب سکیورٹی کو مضبوط بنا کر دے سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سٹراسبرگ میں آئندہ ہفتے میں یورپین پارٹی سے اپیل کرتا ہوں کہ یورپین مسافروں کے نام ریکارڈ سسٹم پر تیزی سے کام کیا جائے جس سے خطرناک لوگوں کے سفر سے متعلق سراغ لگانے میں مدد ملے گی ، یہ ہمارا مشترکہ اقدام ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں 12فروری کو ہونیوالے اجلاس کے حوالے سے توقع رکھتا ہوں کہ اس میں یورپی یونین کی جانب سے مزید وسیع تر اقدامات اٹھانے پر بات چیت ہو گی تاکہ ہم پیرس حملوں کے بعد درپیش چیلنجز کا سامنا کرسکیں ۔

ٹسک کا بیان ایسے وقت سامنے آیا جب ایلیٹ فرانسیسی فورسز کو بدھ کے روز پیرس میں طنزیہ جریدے چارلی ہیبڈو پر اسلام پسند حملے میں 12افراد کی ہلاکت کے شبہ میں دو بھائیوں کی تلاش ہے اس حملے نے ملک کو افسردہ کردیا ہے اور دنیا بھر میں اس کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں۔