پیرو کے ڈیاگو برٹش جونیئر اسکواش چیمپئن بن گئے،گرلز ٹائٹل مصر کی نوران گوہر کے نام، انڈر 17 بوائز میں ملائیشین اسٹار ایان فاتح،پاکستان کا کوئی بھی پلیئر ٹاپ 10 میں جگہ نہ بنا سکا، اسرار احمد 13 ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے،ذیشان خان 32 ویں نمبر پر آئے

جمعہ 9 جنوری 2015 08:07

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جنوری۔2015ء ) جونیئر ورلڈ چیمپئن پیرو کے ڈیاگو الیاز برٹش اوپن چیمپئن بھی بن گئے، مصر کے عمر التماس ایک بار پھر ٹائٹل کے قریب پہنچ کر ہمت ہار بیٹھے۔پاکستان کا کوئی بھی پلیئر ٹاپ 10 میں جگہ نہ بنا سکا، اسرار احمد 13 ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے، ذیشان خان 32 ویں نمبر پر آئے ۔ گرلز انڈر 19 ایونٹ میں مصر کی نوران گوہر سرخرو رہیں، ملائیشین اسٹار ایان یواؤنے انڈر 17 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ نمبر ون جونیئر کھلاڑی پیرو کے ڈیاگو الیازنے برٹش جونیئر ٹائٹل پر بھی قبضہ جمالیا، یہ فائنل بھی ورلڈ اوپن کے فیصلہ کن معرکے کا ری پلے ثابت ہوا جس میں مصر کے عمر التماس ایک بار پھر ٹائٹل کے قریب پہنچ کر حریفکر زیر نہیں کرسکے۔

(جاری ہے)

عمر التماس نے ابتدائی گیم سخت مقابلے کے بعد 15-13 سے اپنے نام کیا لیکن اگلے تینوں گیمزمیں یکطرفہ طور پر ناکام رہے، ڈیاگو نے 11-2,11-1 اور 11-3 سے فتح سمیٹتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں شامل نہ ہوسکا، تیسرے راؤنڈ میں ہارنے والے اسرار احمدکا 13 ویں پوزیشن کیلیے ملائیشین عبدالرحمان ظاہر سے مقابلہ شیڈول تھا لیکن حریف پلیئر کے میچ میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے انھیں واک اوور مل گیا۔دوسری طرف ابتدائی راؤنڈ میں شکست سے دوچار ہونے والے ذیشان خان31 ویں پوزیشن کے میچ میں بھارتی گوہان کمار سے3-1 سے ہار گئے۔

دوسری طرف گرلز انڈر 19 ٹائٹل معرکے میں ٹاپ سیڈ مصر کی نوران گوہر نے ہم وطن مریم میٹویلی کو سخت مقابلے کے بعد 3-1 سے شکست دی۔ بوائز انڈر 17 ایونٹ میں ملائیشین اسٹار ایان یواؤ نے مصر کے سعد الدین کو 3-2 سے ہرایا۔ یاد رہے کہ ایوان نے تیسری بار برٹش جونیئر ٹائٹل اپنے نام کیا،اس سے قبل وہ انڈر 13 اور انڈر15 چیمپئن رہ چکے ہیں۔ انڈر 17 گرلز ایونٹ میں مصر کی حبیبہ محمد کامیاب رہیں۔

متعلقہ عنوان :