امریکہ، کئی ریاستیں برفیلی ہواوٴں کی لپیٹ میں ،درجہ حرار ت نقطہ ِانجماد سے نیچے ..
تازہ ترین : 1

امریکہ، کئی ریاستیں برفیلی ہواوٴں کی لپیٹ میں ،درجہ حرار ت نقطہ ِانجماد سے نیچے گر گیا

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جنوری۔2015ء)امریکہ کی مشرقی ریاستیں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں گذشتہ تین روز سے درجہ حرارت نقطہ ِانجماد سے نیچے گرا ہوا ہے۔محکمہ ِموسمیات کے مطابق، کینیڈا سے آنے والی تیز ہواوٴں نے امریکہ کے وسط مغربی، وسط ایٹلانٹک اور شمال مشرقی حصے کو اپنے لیپٹ میں لیے رکھا ہے۔ امریکہ کی مشرقی ریاستوں میں درجہ ِحرارت منفی 10 سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کی مشرقی ریاستوں میں اتنی برفیلی ہوائیں چل رہی ہیں کہ اگر اس ہوا میں 15 منٹ کھڑا ہوا جائے تو frost bite ہونے کا خطرہ ہے۔ اسی لیے، ماہرین ِموسمیات سب لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی دارالحکومت اور ملحقہ ریاستوں میں برفباری سے نظام ِزندگی متاثر ہوا تھا۔ برف کے بعد اب واشنگٹن میں تیز برفیلی ہواوٴں کا سلسلہ جاری ہے اور درجہ ِحرارت منفی 10 تک گر چکا ہے۔

ماہرین ِموسمیات نے سڑک پر گاڑی چلانے والے افراد کو بھی تلقین کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران محتاط رہیں، کیونکہ دو روز قبل پڑنے والی برف اب جم چکی ہے جو زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔کئی امریکی شہروں جیسا کہ شکاگو، بوسٹن اور اینڈیاپولس میں سکول دو دن سے بند ہیں اور بچوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ گھروں پر ہی رہیں۔

وقت اشاعت : 09/01/2015 - 08:27:09

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں