سکیورٹی صورتحال ،فاقی حکومت کا جان کیری کے دورہ پاکستان کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ، ترجمان دفتر خارجہ کا جان کیری کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرنے سے انکار

جمعرات 8 جنوری 2015 09:19

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جنوری۔2015ء )پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جان کیری کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ خبر رساں ادارے نے جب وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کے سلسلے میں ان سے رابطہ کیا تو تسنیم اسلم نے اپنے تحریری ٹیکسٹ میسج میں واضح طور پر جواب میں لکھا ہے کہ وزارت خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کی تصدیق نہیں کرسکتی ۔

دریں اثناء عام حکومتی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی حکومت کی خواہش پر سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جان کیری کے دورہ کے شیڈول کو انتہائی خفیہ رکھنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں طے ہوا کہ فی الحال جان کیری کے دورہ کی تمام سرگرمیوں کو خفیہ رکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ دہشتگردی کیخلاف حکومت پاکستان کے اقدامات، مسلح افواج کی کارروائیوں سمیت دیگر اہم امور پر وزیراعظم نواز شریف ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سمیت دیگر اہم حکومتی شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کرینگے ۔

امریکہ کی جانب سے حکومت پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں روکی گئی امداد کے جاری کرنے کے حوالے سے بھی نئے شرائط و ضوابط طے کئے جائینگے جبکہ دہشتگردوں کی فہرست اور ان کے حوالے سے امریکہ کے پاس موجود انٹیلی جنس رپورٹ بھی شیئر کی جائینگی ۔