عمران خان کے الٹی میٹم کے باوجود وفاقی حکومت کا مفاہمتی پالیسی پر ہی چلنے کا فیصلہ،عمران خان اور طاہر القادری کیخلاف درج مقدمات کے چالان عدالتوں میں پیش نہیں کئے جائینگے،حکومتی ذرائع

جمعرات 8 جنوری 2015 09:12

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جنوری۔2015ء )پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے جوڈیشل کمیشن نہ بنائے جانے کیخلاف ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کے اعلان کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے مفاہمتی پالیسی پر ہی چلنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کیخلاف درج مقدمات کے چالان عدالتوں میں پیش نہیں کئے جائینگے ۔

اعلیٰ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت داخلہ اور اسلام آباد پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کیخلاف فی الوقت دھرنوں کے دنوں میں درج کئے گئے مقدمات پر مزید کارروائی نہ کی جائے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت داخلہ اور اسلام آباد پولیس نے عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کیخلاف درج مقدمات پر نہ صرف ان سے مقدمات کی تفتیش کیلئے رابطہ کیاجائے گا اور نہ ہی ان مقدمات کے چالان عدالت میں پیش کئے جائینگے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی سیکرٹری جنرل پولیس اسلام آباد کو چالان مرتب نہ کرنے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں دوسری جانب قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ طاہر القادری اور عمران خان کیخلاف درج مقدمات پر چالان تب ہی عدالت میں پیش ہوگا جب دونوں سیاسی شخصیات سے باضابطہ تحقیقات ہونگی لیکن اسلام آباد پولیس تحقیقات سے قبل وفاقی حکومت کی ہدایات کی منتظر ہے اس کے بعد اس حوالے سے کوئی پیش رفت متوقع ہے ۔

متعلقہ عنوان :