حکومت بجلی کی طلب و رسد میں فرق پورا کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،چوہدری عابد شیر علی، صارفین کے مسائل حل کرنے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ کسی صارف سے زیادتی نہیں ہونے دیں گے، وزیر مملکت برائے پانی وبجلی

بدھ 7 جنوری 2015 09:29

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 جنوری۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی طلب و رسد میں فرق پورا کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ صارفین کے مسائل حل کرنے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ کسی صارف سے زیادتی نہیں ہونے دیں گے ۔وہ سرگودھا سرکل آفس میں منعقدہ کھلی کچہری سے ٹیلی فونک (Telephonic)خطاب کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کے اہم ترین اجلاس میں شرکت کے باعث کھلی کچہری میں نہ آسکے کیونکہ وہ دہشت گردی ک خلاف بل کے قومی کاز میں مصروف تھے جس پر وہ دوردراز سے سرگودھا آئے صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر صارفین کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کھلی کچہر ی میں پیش ہونے والی ایک ایک درخواست پر وہ خود ایکشن لیں گے۔ قبل ازیں چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمد اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے ۔ وہ صارفین اور ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ فیسکو میں متعدد آسامیاں خالی ہیں ان پر بھرتی شفاف طریقے سے میرٹ پر ہو گی ۔ آئندہ ایک ہفتہ میں مختلف آسامیوں پر بھرتی کا اشتہار شائع ہو جائے گا۔

سپرنٹنڈنگ انجنئیر سرگودھا عامل حسین صدیقی نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکل سے لے کر سب ڈویژن کی سطح پر صارفین کے مسائل کو فوقیت دی جا رہی ہے اور صارفین کو بہترین سروس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کیلئے ان کی ٹیم دن رات کوشاں ۔ کھلی کچہری میں 67درخواستیں پیش کی گئیں۔ چیف ایگزیکٹو اور مقامی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے تمام درخواستوں کو فردًا فردًا سنا اور چیف ایگزیکٹو نے متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی ان کے ازالے کیلئے احکامات دیئے ۔

ایک سائل کی درخواست پر انھوں نے اکڑیانوالہ سب ڈویژن کے لائن سپرنٹنڈنٹ محمد اسلم کو معطل کر دیااور ایک سائل کی درخواست پر ریٹائرڈ فیسکو ملازم کے بیٹے کو ڈیلی ویجز پر فیسکو میں رکھنے کے احکامات جاری کئے۔کھلی کچہری میں سرگودھا، جوہر آباد، جھنگ، میانوالی ، بھکر، لاہور اور دیگر علاقوں کے صارفین نے اپنے مسائل پیش کئے ۔

متعلقہ عنوان :