افغانستان سے انخلاء کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی‘ وائٹ ہاؤس،کابل اب اپنے ملک کی سکیورٹی کا خود ذمہ دار ہے‘ جوش ایرنسٹ کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 7 جنوری 2015 09:39

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 جنوری۔2015ء) وائٹ ہاؤس نے افغانستان سے انخلاء کے منصوبے میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل اب اپنے ملک کی سکیورٹی کا خود اکیلا ذمہ دار ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ایرنسٹ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افغانی اب اپنے ملک کی سکیورٹی کے خود ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی کمبیٹ مشن اب پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے اور وہاں سے ہم نے انخلاء کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان میں اپنے بہادر فوجیوں اور اتحادیوں کے باعث بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا ان کامیابیوں میں سے بہت سی ایسی ہیں جو امریکی اور افغان فورسز کی بہترین کوآرڈی نیشن کے باعث حاصل ہوئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انخلاء کے بعد بھی دونوں ممالک کے درمیان یہ تعاون اسی طرح جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی مشن اور تربیتی مشن کیلئے ہماری سکیورٹی فورسز ابھی افغانستان میں موجود رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت‘ امریکہ اور افغان سکیورٹی کیلئے تعاون کرنے والے ممالک کے درمیان مضبوط اور گہرا تعلق قائم رہنا بھی انتہائی اہم ہے۔