فوج دہشت گردوں اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی میں مدد کرے گی، آرمی چیف ، سانحہ پشاور کے بعد قوم دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے متحد ہے، فوج حکومت سے مل کر متاثرین شمالی وزیرستان کی واپسی کیلئے کام کریگی،جنرل راحیل شریف

منگل 6 جنوری 2015 09:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔6 جنوری۔2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فوج دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کیلئے ہرممکن مدد کریگی، خیبرپختونخواہ اور فاٹا کے عوام دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے ہیں، صوبے بھر سے ہر دہشت گرد اور اس کے سہولت کارو ں کا مکمل خاتمہ کریں گے، آئی ڈی پیز کی واپسی بھی آئندہ ماہ سے شروع ہو جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور فوج اور سول انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی کے لیے قائم کی گئی خیبرپختونخواہ کی اعلیٰ سطح کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت گورنر کے پی کے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ ، کور کمانڈر پشاور ، ڈی جی آئی ایس آئی، آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اائی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اعلان کیا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران عارضی طور پر بے گھر ہونے والوں کی مرحلہ وار واپسی اگلے ماہ سے شروع ہو گی۔ آرمی چیف کا کہناتھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے، صوبے کے لوگوں نے ہمت اور حوصلے سے دہشتگردوں کو معاشرے میں تنہا کر دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے متحد ہے،فوج دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کیلئے ہرممکن مدد کریگی، قومی ایکشن پلان پرعمل درآمد کیلئے فوج مکمل تعاون کرے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج حکومت سے مل کر متاثرین شمالی وزیرستان کی واپسی کیلئے کام کریگی۔