چنیوٹ، وادی عزیز شریف میں63 سوپونڈکا میلاد کیک تیار،دیکھنے والوں کا تانتا بندھ گیا، سجادہ نشین حضرت خواجہ محبوب الٰہی کیک کاٹ کر تقریبات کا آغاز کریں گے،128من دودھ کی سبیل اور عالمی میلاد کانفرنس بھی ہو گی

اتوار 4 جنوری 2015 10:26

چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جنوری۔2015ء)آستانہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ موہرویہ وادی عزیز شریف درمیان دو پل دریائے چناب چنیوٹ میں جشن میلاد النبی کے موقع پر دنیا کا سب سے کابڑا63 سو پونڈ کا میلاد کیک تیار،سجادہ نشین حضرت خواجہ محبوب الٰہی آج صبح تہجد کے وقت کیک کاٹ کر میلاد النبی کی تقریبات کا آغاز کریں گے ۔دربار شریف پردن بھر لوگوں کا کیک دیکھنے کیلئے تانتا بندھا رہا جس کا سلسلہ رات گئے تک جاری ہے۔

درودو سلام کی پر نور صداؤں سے آستانہ عالیہ پر روح پرور مناظر ،میلاد کیک دیکھنے والے زائرین کا جم غفیرامڈ آیا ۔ضلعی انتظامیہ چنیوٹ کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق آستانہ وادی عزیز شریف میں جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ہر سال حضور اکرم کی ظاہری حیات طیبہ63سال کی نسبت سے63 سو پونڈ کا خصوصی میلاد کیک تیار کیا جاتا ہے جو 12ربیع الاول صبح تہجد کے وقت حضور کی پیدائش کے وقت کاٹا جاتا ہے جسکی تیاری کیلئے 60کاریگر ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی کا م شروع کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

کیک میں پانی کی جگہ آب زمزم استعمال کیا جاتا ہے۔ تمام کاریگر باوضو مسلسل درود شریف کا ورد کرتے ہوے کیک تیار کرتے ہیں جسے ایک لاکھ تک لوگ سیر ہو کر کھاسکتے ہیں دربار شریف پر ملک بھر سے قافلوں کی آمد بھی جاری ہے۔ کیک کو دیکھنے کیلئے نواحی عالاقوں سے لوگ صبح سے ہی ٹولیوں کی صورت میں درودو سلام کی صدائیں بلند کرتے نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت لگاتے دربار شریف پر حاضری دے رہے ہیں ۔

پورے دربار شریف کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے ہر طرف صل علیٰ کی صدائیں گونج رہی ہیں سجادہ نشین حضرت خواجہ محبوب الٰہی آج صبح تہجد کے وقت کیک کاٹ کر میلاد النبی کی تقریبات کا آغاز کریں گے 128من دودھ کی میلاد سبیل لگائی جائے گی ۔ بانی دربار عالیہ حضرت خواجہ صوفی محمد علی اور پیر محمد زبیر علی کے مزارات پر حاضری کے بعد عالمی میلاد کانفرنس ہو گی اورزریں زر بخت حضرت خواجہ نواب الدین بانی آستانہ عالیہ موہری شریف کا سالانہ ختم پاک بھی ہو گا جس میں دربار عالیہ کے معمولات کے مطابق ختم خواجگان ،حلقہ ذکر، تلاوت کلام پاک ،نعت خوانی کے بعد دنیا بھر سے تمام مکاتب فکر کے جید علما مشائخ کے خطابات ہوں گے۔

آخر میں حضرت خواجہ محبوب الٰہی اتحاد امت ملکی سلامتی و استحکام کشمیر و فلسطین کی آزادی اور حاضرین کیلئے خصوصی دعا کریں گے۔علاوہ ازیں چنیوٹ کی ضلعی انتظامیہ نے اس موقع پر فول پروف سکیورٹی اقدامات کیے ہیں ۔