صومالیہ، شباب باغیوں کی جانب سے کار بم دھماکہ،فائرنگ،6فوجی ،ایک شہری ہلاک ،جھڑپ میں تین باغی بھی ہلاک ہوگئے

اتوار 4 جنوری 2015 10:39

موغادیشو (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جنوری۔2015ء) صومالیہ میں شباب باغیوں کی جانب سے بیدووا میں ایک فوجی چیک پوسٹ پر حملے اور دارالحکومت موغا دیشو میں ایک کار بم دھماکے میں 6صومالی فوجی اور ایک عام شہری ہلاک ہوگیا ، یہ بات حکام نے کہی۔ایک صومالی فوجی اہلکار نے کرنل محمد حسن نے کہا کہ چھ فوجی اہلکار اس وقت ہلاک ہو گئے جب شباب ، جو کہ القاعدہ سے منسلک افریقن گروپ ہے ، نے علی الصبح دارالحکومت موغادیشو سے 250کلومیٹر(155میل) شمال مغرب میں بیدووا کے نزدیک ان کی پوسٹ پر حملہ کردیا ۔

ایک اور مقامی اہلکار سلمان عبدالٰہی نے کہا کہ شباب جنگجوؤں نے بیدووا کے باہر چیک پوائنٹ سمیت تین مقامات پر حملہ کیا جس میں ان کے تین جنگجو ہلاک ہو گئے ۔ایک اور واقعہ میں ایک شہری ہلاک اور دو دیگر کار بم دھماکے میں زخمی ہو گئے جس کی ذمہ داری شباب پر عائد کی گئی ہے جو کہ صومالیہ کی عالمی حمایت یافتہ حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے برسرپیکار ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے ترجمان محمد یوسف نے صحافیوں کو بتایاکہ انہوں نے شہری کی کار کے ساتھ بم نصب کیا جس میں شہری ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے ۔حملہ اختتام ہفتہ پر سامنے آیا جس کے دوران امریکہ نے گروپ کے خلاف ایک اور فضائی حملہ کیا ، صومالی حکومت کا کہنا ہے کہ شباب کے انٹیلی جنس سربراہ عبدی شکور تحلیل پیر کی رات ہونیوالی کارروائی میں ہلاک ہو گئے تھے۔شباب کے سابق رہنما احمد عبدی گودانے بھی ستمبر میں ایک امریکی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔