سعودی عرب، ٹی وی چینلز کی اینکرز کے لیے ڈریس کوڈ کے نفاذ کا فیصلہ،سیاہ رنگ کا عبایا اورسکارف اوڑھنالازم قرار

ہفتہ 3 جنوری 2015 10:07

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جنوری۔2015ء)سعودی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے ٹی وی چینلز کی اینکرز کے لیے ڈریس کوڈ کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق اس جاری کردہ ڈریس کوڈ کے مطابق خواتین اینکرز کو سیاہ رنگ کا عبایا اورا سی رنگ کا سکارف اوڑھنا ہوگا۔ تاہم خواتین اپنے اپنے چینل کا کارپوریٹ کلر عباوں پر پٹی یا ربن کی صورت میں زیبائش کے لیے استعمال کر سکیں گی۔

(جاری ہے)

بعض مبصرین نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سعودی براڈکاسٹنگ کارپوریشن کا یہ فیصلہ صرف نئے سال کی آمد کے سلسلے میں تھا، جبکہ بعض دوسرے مبصرین کا کہنا ہے کہ فیصلہ شوری کونسل کی طرف سے ڈریس کوڈ کے بارے میں ممکنہ اقدامات کو روکنے کی ایک کوشش ہے۔واضح رہے شوری کونسل میں خاتون رکن کی طرف سے پیش کی گئی تجویز پر شوری کونسل میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔

شوری کونسل کے متعدد ارکان نے اس تجویز کو غیر قانونی قرار دیا ہے کیونکہ پہلے سے ہی سعودی خواتین کے لیے ایک ڈریس کوڈ نافذ ہے۔سعودی شوری کونسل میں پچھلے دنوں اس موضوع پر بحث شروع کی گئی تھی۔ ٹی وی اینکرز کے لیے ڈریس کوڈ کی تجویز پر مبنی یہ بل خاتون رکن نورا العدوان نے پیش کیا ہے۔ اس تجویز کی ثقافت اور میڈیا سے متعلق کمیٹی نے حمایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :