سعودی عرب،شاہ عبداللہ کو نمونیا ہو گیا، ٹیوب کے ذریعے سانس دلایا جا رہا ہے ،رپورٹ

ہفتہ 3 جنوری 2015 10:04

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جنوری۔2015ء) سعودی شاہ عبداللہ پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہیں اور انھیں ایک ٹیوب کے ذریعے سانس دلایا جا رہا ہے۔90 سالہ شاہ عبداللہ کو بدھ کو طبیعت بگڑنے پر ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔شاہ عبداللہ نے 2005 میں سعودی عرب کا اقتدار سنبھالا تھا اور حالیہ برسوں میں ان کو صحت کے متعدد مسائل رہے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ عبداللہ کی طویل عمر اور مختصر عرصے میں ان کی خراب صحت کے باعث شاہی خاندان کے مستقبل کے حوالے سے تحفظات کو جنم دیا ہے۔

شاہ عبداللہ کے77 سالہ سوتیلے بھائی شہزادہ سلمان کو دو برس قبل شہزادہ نائف بن عبدالعزیز کی وفات کے بعد ولی عہد نامزد کیا گیا تھا۔شاہ عبداللہ کی انتہائی خراب صحت کے باعث گذشتہ کچھ عرصے سے شہزادہ سلمان ہی مختلف تقریبات میں ان کی نمائندگی کرتے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

رواں سال کے اوائل میں شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز کو نائب ولی عہد نامزد کیا گیا تھا۔

ایک لمبے عرصے سے شاہ عبداللہ کے منظر عام پر نہ آنے سے سوشل میڈیا پر گذشتہ سال سے ان کی طبیعت انتہائی ناساز ہونے کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔کمر میں تکلیف کے باعث ان کے دو آپریشن ہو چکے ہیں جن میں 13 گھنٹے کا ایک طویل آپریشن بھی شامل ہے۔ 2010 میں وہ تین ماہ تک امریکہ میں بھی زیر علاج رہ چکے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کو شاہ عبداللہ کے ہسپتال میں داخل ہونے کی خبر کے بعد تیل کی قیمت میں کمی کے باعث مندی کا شکار سعودی بازارِ حصص مزید پانچ پوائنٹس گر گیا ہے۔فی الحال تو عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں اس خبر سے متاثر نہیں ہوئی ہیں لیکن سعودی عرب کے تیل پیدا کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ملک ہونے کے باعث تیل کی قیمتیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :