دہشتگردی کیخلاف جنگ کے نازک موڑ پر ہیں،بطور ریاست جنگ ہارنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے ، آرمی چیف، ہمیں تیز رفتاری کے ساتھ فیصلے اور فیصلوں پر عمل کرنا ہوگا ، خصوصی عدالتیں فوج کی نہیں وقت اور حالات کی ضرورت ہیں ، قوم کے مستقبل کا اظہار ہمارے آج کے کئے گئے فیصلوں پر ہے،یہی فیصلے قوم کی منزل کا تعین کرینگے، جنرل راحیل شریف کا آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 3 جنوری 2015 10:08

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جنوری۔2015ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کے نازک موڑ پر ہیں ، بطور ریاست جنگ ہارنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے ، ہم تیز رفتاری کے ساتھ فیصلے اور تیز رفتاری کے ساتھ فیصلوں پر عمل کرنا ہوگا ، خصوصی عدالتیں فوج کی نہیں وقت اور حالات کی ضرورت ہے ۔ جمعہ کے روز وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جو جنگ جاری ہے پاکستان اس جنگ کے فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکا ہے یہاں پر ہمیں تیز رفتاری سے نہ صرف فیصلے کرنا ہوں گے بلکہ ان فیصلوں پر اس تیز رفتاری سے عمل بھی کرنا ہوگا ہمیں فیصلوں کے نفاذ پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ بطور ریاست دہشتگردی کیخلاف جنگ ہارنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ہم یہ جنگ لازماً جیتیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصی عدالتیں فوج کی نہیں وقت اور حالات کی ضرورت ہیں جیسے ہی تمام معاملات حل ہوجائیں گے تمام سسٹم پرانی ڈگر پر آجائے گا اور نظام نارمل ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ آج کے فیصلے قوم کا مقصد کا فصلہ کریں گے ہمیں پہلی اے پی سی میں پیدا ہونے والے اتفاق رائے کو برقرار رکھنا ہوگا قوم کے مستقبل کا اظہار ہمارے آج کے کئے گئے فیصلوں پر ہے اور یہی فیصلے قوم کی منزل کا تعین کرینگے ۔