ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کی ہے ، آصف زرداری،فوجی عدالتوں کے طریقہ کار اور ان کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت سے واضح پالیسی کا اعلان کرے، پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے۔ جو پیپلز پارٹی سے غداری کرے گا عوام اس کا خود احتساب کرے گی،کسی کے آنے اور جانے سے پیپلز پارٹی پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہے، ہم بھٹو کے سپاہی ہیں اور بھٹو کے مشن کو آگے لے کر چل رہے ہیں، جلد خیبرپختونخواہ کا تفصیلی دورہ کروں گا۔، کراچی میں خیبر پختونخواہ کے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 2 جنوری 2015 09:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جنوری۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کی ہے تاہم فوجی عدالتوں کے طریقہ کار اور ان کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت سے واضح پالیسی کا اعلان کرے۔ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے۔

جو پیپلز پارٹی سے غداری کرے گا عوام اس کا خود احتساب کرے گی۔ کسی کے آنے اور جانے سے پیپلز پارٹی پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔ ہم بھٹو کے سپاہی ہیں اور بھٹو کے مشن کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ جلد خیبرپختونخواہ کا تفصیلی دورہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بلاول ہاؤس کراچی میں خیبر پختونخواہ کے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، فریال تالپور، شیریں رحمان، رحمان ملک، فیصل کریم کنڈی، خانزادہ خان اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور پختونخواہ میں پارٹی کے تنظیم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خیبرپختونخواہ کے صدر خانزادہ خان نے پارٹی کے شریک چیئرمین کو صوبے میں پارٹی کے تنظیمی امور سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نواز شریف یا ان کی حکومت کی حمایت نہیں کررہے بلکہ جمہوریت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ اب جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور ایک بہت بڑا واقعہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف سیاسی قیادت اور قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ فوجی عدالتیں دہشت گردوں کے خلاف استعمال ہونی چاہئیں اور ان عدالتوں کے قیام کا طریقہ کار واضح ہونا چاہئے اور ان عدالتوں کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے مربوط پالیسی تشکیل دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جلد خیبر پختونخواہ کا دورہ کریں گے اور پارٹی ورکرز کے کنونشن سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے خیبر پختونوا کی پارٹی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ صوبے میں پارٹی کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز مرتب کرے اور عوام سے رابطے میں رہے ۔

متعلقہ عنوان :