دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کوئی بھی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا،نواز شریف، ملکی عسکری و سیاسی قیادت سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے،دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی،ہم نہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے بلکہ آئندہ کے لئے اس کا راستہ بھی روکیں گے ،قومی سلامتی بارے اجلاس سے خطاب، فوری ایکشن پلان پر عملدرآمد کے امور پر غور

جمعہ 2 جنوری 2015 09:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جنوری۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی عسکری و سیاسی قیادت سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے،دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی،دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کوئی بھی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا،ہم نہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے بلکہ آئندہ کے لئے اس کا راستہ بھی روکیں گے جمعرات کے روز وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی سمیت فوری ایکشن پلان پر عملدرآمد کے امور پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی اداروں اور سانحہ پشاور کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے‘ ہماری جنگ دہشت گردی‘ نفرت اور خوف کیخلاف ہے جس میں تمام دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی،دہشت گردی ختم کرنے کے لئے قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تمامتر سیاسی قیادت دہشت گردی اور انتہاء پسندی کیخلاف متحد ہے اور درست وقت پر موثر اقدامات سے ہی کامیابی حاصل ہوگی جوکہ سب جانتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی اداروں سمیت سانحہ پشاور کے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ہماری جنگ دہشت گردی‘ نفرت اور خوف کیخلاف ہے اور دہشت گردوں سمیت ان کے معاونین کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی ختم کرنے کے لئے قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد اولین ترجیح ہے اسی لئے قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد کیلئے باقاعدگی سے اجلاس ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت اور خوف و ہراس پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے،دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کوئی بھی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پلان آف ایکشن سخت گیر دہشت گرد اہداف کی نشاندہی کریگا جبکہ عوام کو مکمل تحفظ دیا جائے گا،ہم نہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے بلکہ آئندہ کے لئے اس کا راستہ بھی روکیں گے،آنیوالے دنوں اور سالوں میں اپنے بچوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہم مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن مدد دیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جامع انداز میں سفارتی، انٹیلی جنس، قانون کے نفاذاور فوجی قوت کے استعمال سمیت ہر طریقے سے لڑیں گے۔