پاکستا ن اور افغا نستا ن خطے میں خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہے ہیں،وزیراعظم نواز شریف ، دونوں ملک اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم کا افغان پارلیمانی وفد سے ملا قا ت میں اظہا ر خیال

جمعرات 1 جنوری 2015 08:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم جنوری ۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ افغان عوام پاکستانیوں کے دلوں میں بستے ہیں اور دونوں ملک خطے میں خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہے ہیں‘ دونوں ملک اپنی اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ بدھ کے روز وزیراعظم نواز شریف سے اٹھارہ رکنی افغان پارلیمانی مشیران اور اولسی جرگہ پر مشتمل وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں سانحہ پشاور پر افسوس کا اٰظہار کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے سانحہ پشاور پر اظہار یکجہتی کرنے پر افغان عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرامن‘ خوشحال اور مستحکم افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے اور اس وقت دونوں ملک مضبوط سیاسی تعلقات اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں جوکہ خوش آئند ہے جبکہ دونوں ملک مشترکہ تجارت اور اقتصادی شراکت داری کا فروغ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ افغان عوام پاکستانیوں کے دلوں میں بستے ہیں اور وفود کے اس طرح کے تبادلے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے کیلئے مفید ہیں اور دونوں ملک دہشت گردی کیلئے اپنی اپنی سرزمین ہرگز استعمال نہیں ہونے دیں گے کیونکہ پاکستان اور افغانستان خطے کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے جس سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ واضح رہے کہ اس ملاقات میں وزیر خزانہ اسحق ڈار‘ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی سمیت مشاہد حسین سید‘ افراسیاب خٹک اور آفتاب شیرپاؤ نے شرکت کی جبکہ افغان وفد کی قیادت عبدالقادر زارئی اور سینیٹر باز محمد زورمتی نے کی۔

متعلقہ عنوان :