پٹرول 6روپے 25پیسے ، ہائی سپیڈڈیزل 7روپے 86پیسے سستا، وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، صوبائی حکومتیں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں ،وزیراعظم کی ہدایت، بجلی کی قیمت میں 2روپے 32پیسے فی یونٹ کمی کرچکے ہیں جنوری کے بلوں میں فائدہ ہوگا،نوازشریف کی پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیرخزانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 1 جنوری 2015 08:45

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم جنوری ۔2015ء ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 6روپے 25پیسے ، ہائی سپیڈڈیزل 7روپے 86پیسے سستا کردیا گیا ، صوبائی حکومتیں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں ، بجلی کی قیمت میں 2روپے 32پیسے فی یونٹ کمی کرچکے ہیں جنوری کے بلوں میں فائدہ ہوگا ۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل کو 10روپے 48پیسے ، مٹی کا تیل 11روپے 26 پیسے کم کیا جارہا ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جارہا ہے اور 400ارب روپے کا فائدہ پاکستان کے عوام کو مل چکا ہے یہ فائدہ کاروں اورموٹر سائیکل چلانے والے کو ہی نہیں بلکہ کسانوں اور ٹرانسپورٹروں ، کارخانے چلانے والوں اور عام شہریوں کو بھی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ آلو کی قیمت 20 روپے کلو کردی گئی ہے جب ہم اقتدار میں آئے تو 80روپے کلو تھے حکومت پاکستان کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے سے 68 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے اس نقصان کو کم کرنے کیلئے 5فیصد سیلز ٹیکس میں اضافہ کیا اس سے تقریباً 17ارب کی ریکوری ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو زیادہ ریلیف فراہم کرنے پریقین رکھتی ہے سیلز ٹیکس کا نفاذ فرنس آئل پرنہیں ہوگا فرنس آئل بجلی کے لیے استعمال ہوتا ہے فرنس آئل کی ستمبر 2014ء کو قیمت 79229 روپے فی ٹن تھی یکم جنوری 2015ء کو اس کی قیمت 43015 روپے ہوجائے گی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ستمبر 2014ء میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا یہ اعلان بڑا تھا لیکن سانحہ پشاور کے باعث دب گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 31اگست سے 31دسمبر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 29روپے 69 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 25روپے 13پیسے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 23روپے 11پیسے کمی کی ، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 25روپے 77پیسے او ر ہائی اوکٹین کی قیمت میں 42 روپے 50پیسے کمی ہوئی ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو شدت کے ساتھ آئی ڈی پیز ، آپریشن ضرب عضب کے لئے وسائل کی ضرورت ہے متاثرین سیلاب کی آباد کاری کے لیے بھی بڑی رقم مختص کی ہے لیکن اس کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دیا پاکستان کی معیشت کو مثبت اشارے مل رہے ہیں ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں کے حوالے سے عوام کو جو فائدہ پہنچنا چاہیے تھا وہ نہیں پہنچا صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی تھی کہ اس پرعملدرآمد کرائیں نہیں ہوا کہیں بھی نہیں ہوا عوام کو ریلیف نہ ملنا زیادتی ہے تیل کی قیمتیں کم ہونے سے بجلی کی لاگت میں کمی آئی ہے جس کا عوام کو فائدہ دیا ہے جنوری کے بلوں میں یہ فائدہ عوام کو ملے گا ۔

وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں صوبائی حکومتیں اس کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں ۔ گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے بھی ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ گوادر سے پائپ لائن بچھا رہے ہیں ایران سے بھی گیس لانے کے لیے کام شروع ہوچکا ہے جلد منصوبے کو مکمل کرنا چاہتے ہیں ایل این جی درآمد کرنے کا ارادہ ہے بجلی کی پیداوار بڑھانا چاہتے ہیں بیس سالوں کی کمی کو ایک دن میں پورا نہیں کیا جاسکتا اپنے دور اقتدار میں بجلی اور گیس کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرینگے ۔