شکر گڑھ سیکٹر میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی دھوکہ بازی ، فلیگ میٹنگ بلا کر رینجرز اہلکاروں پر بلااشتعال فائرنگ کردی ، 2 اہلکار شہید ،ترجمان رینجر ز کی تصدیق، پاکستان کی طرف سے پہلے فائرنگ کی گئی تھی جس سے ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا ، بھارتی فوج کا دعوی ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، ورکنگ باؤنڈری پر 2رینجرز جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج ،بھارت سے واقعہ کی تحقیقات ، ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے اور ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر امن یقینی بنانے کا مطالبہ

جمعرات 1 جنوری 2015 08:43

لاہور،جموں ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم جنوری ۔2015ء )شکر گڑھ سیکٹر میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی دھوکہ بازی ، فلیگ میٹنگ بلا کر رینجرز اہلکاروں پر بلااشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے ، ترجمان رینجر ز نے تصدیق کردی ہے ۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی طرف سے پہلے فائرنگ کی گئی تھی جس سے ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا جس کے جواب میں یہ کارروائی کرکے دو پاکستانی فوجیوں کو شہید کر دیا گیا ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق بدھ کے روز لاہور کے شکر گڑھ سیکٹر پر بی ایس ایف اور پنجاب رینجرز کے حکام کے مابین سیکٹر کمانڈر سطح پر فلیگ میٹنگ منعقد ہونا تھی جس میں سرحد پر فائرنگ کے واقعات کے حوالے سے بات چیت کی جانی تھی تاہم مقامی بی ایس ایف کمانڈر سے میٹنگ میں شرکت کیلئے پنجاب رینجرز کے دو افسران جب بارڈر پر پہنچے تو دھوکے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز نے رینجرز افسران کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی ہو گئے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ۔

(جاری ہے)

ان کی شناخت لانس نائیک ریاض شاکر اور لانس نائیک صفدر کے طور پر کی گئی ہے ۔ ترجمان رینجر ز نے بھی دو اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔پنجاب رینجرز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کی کال بی ایس ایف کی طرف سے دی گئی تھی بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کا بدستور جاری رہا حتیٰ کہ زخمی رینجرز افسران کو طبی امداد کیلئے بھی اٹھانے نہیں دیا گیا اس دوران پنجاب رینجرز نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

دوسری جانب بھارتی میڈیانے بھارتی فوج کے حوالہ سے دعویٰ کیا ہے کہ سچیت گڑھ سیکٹر میں پاکستانی فوجیوں کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی گئی جس سے ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا اور اس کے جواب میں بھارتی فوج نے بھی فائرنگ کی جس میں دو پاکستانی فوجی شہید ہوگئے، اس ضمن میں جب خبر رساں ادارے نے عسکری ذرائع سے رابطہ کیا تو انہوں نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا ۔

ادھر پاکستان نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 2رینجرز جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا ہے اور بھارت سے اس واقعہ کی تحقیقات ،منصوبہ سازوں کو کیفرکردار تک پہنچانے اورکنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر امن و ہم آہنگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو اسلام آباد میں دفتر خارجہ طلب کرکے ظفر وال سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ پر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں رینجرز کے دو جوان شہید ہوئے ۔

بیان کے مطابق پاکستان بھارتی سیکورٹی فورس کے اقدام کی سختی سے مذمت کرتاہے جو لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کے بارے میں دونوں ملکوں کے عزم کی صریح خلاف ورزی ہے۔بیان نے پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ رینجرز اہلکاروں پرفائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور کڑی سزا دی جائے بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر معاہدے کی خلاف ورزی کی بھارت سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر امن یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔