برطانوی نژاد باکسر عامر خان کا پشاور آرمی پبلک سکول کا دورہ ،شہید بچوں کی تصاویر دیکھ کر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار،بچوں پر حملہ پاکستان کے مستقبل پر حملہ ہے ، پاک فوج کی مدد سے دہشتگردی کو ختم کیاجاسکتا ہے ،حملے سے بچے اور اساتذہ خوف کا شکار تھے ان کا اعتماد بحال کرنے آیا ہوں ، عامر خان ،آرمی چیف سے پاکستانی نژاد برطانوی باکبر عامرخان کی ملاقات ،عامر خان نے سانحہ پشاور کے لواحقین اور مسلح افواج سے یکجہتی کا اظہار کیا

منگل 30 دسمبر 2014 09:18

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2014ء )پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج کی مدد سے ملک میں دہشتگردی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ، پشاور میں بچوں پر حملہ پاکستان کے مستقبل پر حملہ کیا گیا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پشاور میں آرمی پبلک سکول کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا ۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور میں شہید ہونے والوں کیلئے دعا گو ہوں پشاور میں معصوم بچوں اور اساتذہ کو شہید کیا گیا بچوں کو اس طرح شہید کرنا نہایت ہی افسوسناک ہے حملہ صرف سکول یا اساتذہ اور بچوں پر نہیں کیا گیا یہ حملہ پاکستان کے مستقبل پر بھی کیا گیا شہید بچوں کی تصاویر دیکھ کر شدید دکھ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فج کی مدد سے دہشتگردی کو ختم کرنے اور پشاور میں سکیورٹی انتظامات کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پشاور میں آنے کا مقصد یہ تھا کہ بچے اور اساتذہ حملے کے بعد خوف کا شکار تھے ان کا اعتماد بحال کرنے آیا ہوں بچوں کا اعتماد بحال کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات ۔

عامر خان کا سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین اور مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کا اظہار۔آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی باکسر عامر خان کی آرمی چیف سے ملاقات ۔جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی ۔عامر خان نے آرمی چیف سے سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا اور ملکی افواج کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے پشاور میں معصوم بچوں پر وحشیانہ تشدد کی مذمت کی اور آرمی چیف سے ملاقات کرانے کے لئے کئے جانے والے اہتمام پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا ۔آرمی چیف نے پاکستان کے لئے عامر خان کی خدمات کو بھی سراہا۔