وزیر اعظم نواز شریف کی سستی بجلی کی پیداوار کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت ،عوام کوریلیف فراہمی کیلئے موسم گرما تک بجلی فراہمی کی صورتحال بہتر بنائی جائے، کابینہ کمیٹی کے چھٹے اجلاس سے خطاب

منگل 30 دسمبر 2014 09:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے سستی بجلی کی پیداوار کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کو کہا کہ عوام کوریلیف فراہمی کیلئے موسم گرما تک بجلی فراہمی کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔ پیر کے روزاسلام آباد میں کابینہ کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں توانائی کے بارے میں کمیٹی کے گزشتہ پانچ اجلاسوں کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اور چین کے تعاون سے جاری توانائی منصوبوں کی پیشرفت پر بھی غور ہوا،وزیر اعظم نواز شریف نے اجلاس کی صدارت کی۔

پانی اور بجلی کی وزارت کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو توانائی کے جاری قلیل اور طویل مدتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم نے اپنے افتتاحی کلمات میں عوام کی سہولت کیلئے سستی بجلی کی پیداوار کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ لوگوں کوریلیف کی فراہمی کیلئے آئندہ سال موسم گرما تک بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔

نوازشریف نے یقین ظاہر کیا کہ سولہ پینلوں کی ڈیوٹی کے بغیر درآمد سے بجلی کے موجودہ نظام پر بوجھ کم کرنے میں مد د ملے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداوار تیزی سے بڑھانے میں حائل رکاوٹیں فوری دور کی جائیں اور تمام منصوبے مقررہ وقت پر پورے کرنے اور گیس و بجلی کی قیمت عام آدمی تک پہنچ تک لانے کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ 2015ء تک بجلی کی ترسیل بہتر بنائی جائے، عوام کو لوڈ شیڈنگ سے زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے، ڈیوٹی فری سولر پینلز کی درآمد سے بجلی کے نظام پر بوجھ کم ہوگا، توانائی کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔

اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ،مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر خارجہ طارق فاطمی اور اور چینی سفیر نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :