افتخار چوہدری اور خلیل الرحمان رمدے انتخابی دھاندلی میں ملوث تھے، جوڈیشل کمیشن بنا تو سارے ثبوت منظر عام پر آجائیں گے،پرویز الٰہی ،جوڈیشل کمیشن بنا تو فریق بنیں گے ،شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں ا پنے دس اور میرے پانچ سال کے ترقیاتی کاموں کا موازنہ کرلیں، نجی ٹی وی کو انٹرویو

پیر 29 دسمبر 2014 09:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29دسمبر۔2014ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور جسٹس (ر )خلیل الرحمان رمدے عام انتخابات میں دھاندلی میں ملوث تھے، جوڈیشل کمیشن بنا تو سارے ثبوت منظر عام پر آجائیں گے، جوڈیشل کمیشن بنا تو فریق بنیں گے ،شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ ا پنے دس اور میرے پانچ سال کے ترقیاتی کاموں کا موازنہ کرلیں، ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے سانحے کے بعد ہمارے دور اقتدار میں ہم پر بہت دباؤ تھا ہم نے سکیورٹی پالیسی تشکیل دی ہمارے دور میں پٹرولنگ پوسٹیں بنیں لیکن شہباز شریف نے آتے ہی ان پٹرولنگ پوسٹوں کا پٹرول بند کردیا جبکہ ان کا دو ہزار روپے الاؤنس بھی ختم کردیا۔

(جاری ہے)

ہماری حکومت نے جو پستول فراہم کئے تھے وہ بھی ان سے لے لیے گئے ،لاہور میں سری لنکن ٹ یم پر حملہ ہوا تو ان کے پاس پستول نہیں تھے اگر ان کے پاس بھی دہشت گردوں کی طرح کوئی ہتھیار ہوتا تو وہ بھی چار دہشت گردوں کو مارتے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ اپنے دس سال اور میرے پانچ سال کے ترقیاتی کاموں کا موازنہ کریں ہم نے اپنے دور میں اسپیشل برانچ کو متحرک کیا ان کا کام صرف عورتوں کو حراساں‘ ریپ کے کیسز ہوتے تھے جاسوسی نہیں کرتی تھیں۔ شہباز شریف نے ستر ارب روپے جنگلہ بس پر لگا دیئے انہوں نے دہشت گردوں کے آگے ہاتھ جوڑے کہ پنجاب میں دہشت گردی نہ کریں یہ تو ان کا مائینڈ سیٹ تھا وہ دہشت گردی کے خلاف کیا اقدامات کریں گے؟۔

انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں دن دیہاڑے ایک سو بندوں پر گولیاں چلا دیں اور انکی آج تک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہسپتال میں عیادت کی تو ان سے دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن پر بات ہوئی تھی اور کہا تھا کہ اگر جوڈیشل کمیشن بنا تو اس میں ہم فریق بنیں گے ۔عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ، ہماری 30 ایم این ایز اور ساٹھ ایم پی اے کی نشستیں چھینی گئیں ۔

2013 ء کے عام انتخابات میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ‘ اور جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے دھاندلی میں ملوث تھے جوڈیشل کمیشن بنا تو سارے ثبوت منظر عام پر آجائیں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہمارے دس نکات پر معاہدہ ہوا تھا ق لیگ ‘ سنی اتحاد کونسل اور وحدت المسلمین ان تینوں جماعتوں کا اتحاد تھا دھرنوں کامقصد پورا ہوا دھرنوں کے باعث آج حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے پر آمادہ ہوئی دھرنوں کے باعث ہی آج لوگوں میں شعور آیا جس کی وجہ سے آج وی ائی پی کلچر کاخاتمہ ہوا اور پروازیں تاخیر کا شکار نہیں ہوتیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مفاہمت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔