تحریک انصاف کا اسپیڈی ٹرائل کورٹس اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت سے تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ ، تعاون کا مطلب دھاندلی کے مؤقف سے پیچھے ہٹنا نہیں ہے،مذاکرات تندہی اور خلوص نیت سے جاری رکھے جائیں گے،ملکی مفاد کی خاطر فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، کورکمیٹی اجلاس کا اعلامیہ ،فیصل آباد میں کارکن کا قتل تحریک انصاف کا راناثناء اللہ کی فوری گرفتاری اورقیادت پردہشتگردی کے مقدمات ختم کرنے کامطالبہ ، کورکمیٹی اجلاس کادوسرااعلامیہ جاری

پیر 29 دسمبر 2014 08:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف نے اسپیڈی ٹرائل کورٹس اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت سے تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعاون کا مطلب دھاندلی کے مؤقف سے پیچھے ہٹنا نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس اتوار کو عمران خان کی زیر صدارت ہوا،جس میں فوجی عدالتوں کے قیام اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں تعاون پر کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے ملکی مفاد کی خاطر فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کی ہے۔پارٹی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت سے تعاون جاری رکھے گی تاہم حکومت سے تعاون کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ دھاندلی کے مؤقف سے ہم پیچھے ہٹ جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق حکومت سے مذاکرات تندہی اور خلوص نیت سے جاری رکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم نے جتنی لچک دکھانی تھی دکھا دی ہے،تحریک انصاف سٹریٹ پاور اور دھرنوں کا حق اب بھی محفوظ رکھتی ہے،مذاکرات میں مزید لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف انتخابات میں پہلے ہی بہت نقصان اٹھا چکی ہے،تحریک انصاف یہ بھی دہشتگردی کے الزامات لگائے گئے ہیں،حکومت معاملے کو آگے بڑھائے حکومت سے مذاکرات میں3بنیادی نکات پر اب بھی ڈیڈلاک برقرار ہے،تحریک انصاف نے ملکی مفاد میں دھرنا اور احتجاج ختم کیا ہے۔

بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف نے فیصل آبادمیں کارکن حق نوازقتل کیس میں جے آئی ٹی کی تشکیل میں تاخیرپرتشویش کااظہارکرتے ہوئے ایف آئی آرمیں نامزدراناثناء اللہ سمیت دیگرملزمان کی گرفتاری کامطالبہ کردیا،تحریک انصاف کورکمیٹی اجلاس کے جاری دوسرے اعلامیے میں کہاگیاکہ حکومت تحریک انصاف کی قیادت پربنائے گئے دہشتگردی کے مقدمات ختم کرے ،تحریک انصاف نے فیصل آبادمیں قتل ہونے والے کارکن حق نوازکے قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ جے آئی ٹی میں وہ حکام شامل ہوں جن پرحق نوازکے ورثاء کواعتمادہو،اعلامیے میں یہ بھی کہاگیاکہ حکومت بتائے حق نوازقتل کیس میں نامزدملزمان گرفتارکیوں نہیں ہوئے اورایف آئی آرمیں نامزدہونے کے باوجودراناثناء اللہ کوتاحال گرفتارکیوں نہیں کیاگیاکورکمیٹی نے راناثناء اللہ کی فوری گرفتاری کامطالبہ کردیا